اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں ہونے والی ممکنہ بات چیت کے حوالے سے کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں کی جانی چاہئیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ جیسے جیسے اسلام آباد مذاکرات کا وقت قریب آ رہا ہے، وہ برادر ممالک خصوصاً چین، سعودی عرب، ترکی، مصر اور قطر کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے جنگ بندی اور سفارتی حل کے لیے بھرپور حمایت فراہم کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کی مسلسل حمایت اور امن و استحکام کے لیے عزم ان کوششوں میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تمام برادر ممالک اور امریکہ کی قیادت نے امن کو موقع فراہم کرنے کے لیے غیر معمولی بصیرت، دانشمندی اور صبر کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے دنیا بھر کے ان تمام شراکت داروں اور دوست ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستان کی عالمی امن کے لیے مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ آئیے سب مل کر خطے اور دنیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے کام کریں۔
آپ کا تبصرہ