17 اپریل 2010 - 19:30

افغانستان میں برطانوی فوجیوں کی ہلاکتیں فاک لینڈ جنگ سے تجاوز کر گئی ہیں۔

برطانوی اخبارات میل، ٹیلی گراف اور دیگر ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ روز برطانیہ کے دو مزید فوجی افغانستان کے صوبے ہلمند میں ہلا ک ہو گئے، جس سے ان ہلاکتوں کی تعداد 1982 کی فاک لینڈ جنگ سے زیادہ ہوگئی۔ اکتوبر 2001 سے اب تک افغانستان میں جارحیت کے بعد برطانیہ کے 256 فوجی ہلا ک ہو چکے ہیں۔ یہ ہلاکتیں 1982 میں ہونے والی 74 روزہ فاک لینڈ جنگ سے زیادہ ہیں۔ ہلمند میں برطانوی فوج کی زیادہ تر ہلاکتیں ہوئیں۔ تاہم یاد رہے کہ فاک لینڈ تنازعے میں 255 برطانوی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ فاک لینڈ جزیرہ برطانوی سرزمین سے 670 میل کے فاصلے پر ارجنٹینا کے ساحل کے ساتھ ہے۔ ارجنٹینا اس جزیرے کی ملکیت کا دعویٰ کرتا ہے۔ اس پر برطانیہ نے 1833 سے قبضہ کیا ہوا ہے۔ ارجنٹینا نے اپریل 1982 میں اس جزیرے میں اپنی فوج داخل کردی اور 74 دن تک جنگ جاری رہی، لیکن آخر کار 14 جون 1982 کو اسے برطانیہ کے سامنے ہتھیار پھینکنے پڑے۔ اس جھڑپ میں ارجنٹینا کے 650 فوج ہلاک ہوئے تھے۔