20 جنوری 2026 - 08:48
مآخذ: ابنا
بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں تعمیر ہونے والا اسکول مدرسہ قرار دے کر منہدم

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع بیتول کے دھابا گاؤں میں ایک زیرِ تعمیر نجی اسکول کو حکام نے منہدم کر دیا، جس کے بعد مقامی طلبہ اور والدین میں شدید بے چینی پھیل گئی ہے۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع بیتول کے دھابا گاؤں میں ایک زیرِ تعمیر نجی اسکول کو حکام نے منہدم کر دیا، جس کے بعد مقامی طلبہ اور والدین میں شدید بے چینی پھیل گئی ہے۔ یہ کارروائی اس مہم کے بعد کی گئی جس میں اسکول کو مبینہ طور پر ایک غیر مجاز ’مدرسہ‘ قرار دیا گیا، حالانکہ اسکول کے بانی عبدالنعیم نے اس الزام کی سختی سے تردید کی ہے۔

عبدالنعیم نے تقریباً 20 لاکھ روپے—جو انہوں نے قرض اور خاندانی بچت سے جمع کیے تھے—خرچ کر نرسری سے آٹھویں جماعت تک کے بچوں کے لیے ایک نجی اسکول تعمیر کرنا شروع کیا تھا۔ دھابا گاؤں اور آس پاس کی آدیواسی بستیوں کے بچے اس وقت کئی کلومیٹر دور اسکول جانے پر مجبور ہیں۔

عبدالنعیم کا کہنا ہے،میں نے یہ اسکول اپنی نجی زمین پر اس لیے بنایا تھا تاکہ بچوں کو روزانہ اتنا دور نہ جانا پڑے۔ لیکن اچانک کہا جانے لگا کہ ہم کچھ غلط کر رہے ہیں

گزشتہ ہفتے افواہیں پھیلیں کہ یہاں ایک مدرسہ تعمیر کیا جا رہا ہے، جسے عبدالنعیم نے بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے کہا،اس گاؤں میں صرف تین مسلم خاندان ہیں۔ عمارت ابھی مکمل بھی نہیں ہوئی تھی، نہ کوئی طالب علم تھا اور نہ ہی کوئی کلاس چل رہی تھی۔ پھر یہ مدرسہ کیسے ہو سکتا ہے؟

اتوار کو پنچایت نے اجازت نہ ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے انہدام کا نوٹس جاری کیا۔ تاہم دیہاتیوں کے احتجاج کے بعد پیر کو پنچایت نے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (NOC) بھی جاری کر دیا۔ سرپنچ نے بعد میں کہا کہ انہیں مدرسہ ہونے سے متعلق کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی تھی۔

اس کے باوجود منگل کو حکام نے عمارت کا ایک حصہ اس وقت منہدم کر دیا جب عبدالنعیم اور گاؤں کے لوگ ضلع کلکٹر سے ملاقات کر رہے تھے۔

سب ڈویژنل مجسٹریٹ اجیت مراوی نے کہا کہ پنچایت کی شکایت پر جانچ میں تعمیر کا کچھ حصہ تجاوزات میں پایا گیا، اسی حصے کو گرایا گیا۔
تاہم عبدالنعیم نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پنچایت سے این او سی حاصل کر لی تھی اور محکمۂ تعلیم میں منظوری کے لیے درخواست بھی دے رکھی تھی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha