12 جنوری 2026 - 18:23
سامراجی طاقتوں کو ملت ایران نے شکست سے دوچار کیا : اسپیکر قالیباف

ایران کے پارلمینٹ کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف نے تہران کی عظیم الشان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ایرانی عوام نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی امریکی اور صیہونی دشمن کو شکست سے دوچار کیا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، ایران کے پارلمینٹ کے اسپیکر ڈاکٹر محمد  قالیباف نے کہا کہ ایران کی 9 کروڑ کی آبادی نے جو مختلف مذاہب، سیاسی فکر اور زبانوں کی مالک ہے انہوں نے مل کر یک زبان ہوکر دشمن کے سامنے اتحاد، بیداری اور ہوشیار رہنے کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام نے واشنگٹن اور تل ابیب کے پروپیگینڈے اور نفسیاتی جنگ کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی معاملات میں دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکامی سے ہمکنار کیا۔

اسپیکر قالیباف نے کہا کہ ایک جانب یورپی ملک ہیں جو اپنے تمام جھوٹے دعووں کے باوجود، امریکہ کے سامنے جھکنے پر مجبور ہوگئے اور دوسری جانب اسلامی جمہوریہ ایران ہے جس نے تمام مشکلات کے باوجود اپنے وقار اور اپنی خودمختاری کو محفوظ رکھا ہوا ہے۔

ڈاکٹر محمد باقر قالیباف نے کہا کہ امریکہ اور صیہونی حکومت ایران کو مشکلات سے دوچار کرنا چاہتی ہے لیکن  خودمختار ایرانی باشعور عوام نے  استعماری طاقتوں کو شکست سے دوچار کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت کسی بھی اسلامی ملک کو طاقتور بنتا دیکھنا نہیں چاہتی جس کا منہ بولتا ثبوت قطر، شام، لبنان اور دیگر ملکوں پر اس کی جارحیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور صیہونی حکومت غنڈوں کی طرح ہر چیز کو اپنے قبضے میں رکھنا چاہتے ہیں۔

اسپیکر قالیباف نے کہا کہ دشمنوں کو جب بیرونی جارحیت میں مکمل شکست کا سامنا کرنا پڑا تو انہوں نے ایران میں خانہ جنگی کی سازش کو شروع کردیا لیکن ایرانی عوام نے ان کو شرمناک شکست سے دوچار کیا۔

انہوں نے زور دیکر کہا کہ اس عظیم الشان عوامی اجتماع نے ثابت کردیا کہ دشمنوں کا فیصلہ اور ان کا تجزیہ اس سرزمین کے بارے میں سراسر غلط اور بے بنیاد ہے۔

ڈاکٹر محمدباقر قالیباف نے کہا کہ دہشت گرد عناصر نے دکھا دیا کہ داعش دہشت گرد گروہ سے بھی بدتر ہیں جن کے ہاتھوں بے گناہ ایرانی عوام کا خون بہایا گیا۔

اسپیکر قالیباف نے خبردار کیا کہ ایران اپنے شہید عوام، سائنسدانوں اور کمانڈروں کے خون کو رائگاں جانے نہیں دے گا اور اس سرزمین کے دشمنوں کو ایسا سبق سکھائے گا جسے کبھی بھی فراموش کیا نہیں جا سکتا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha