اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے کہا ہے کہ ایران میں ہونے والے حالیہ پرامن عوامی احتجاج کو پرتشدد فسادات میں تبدیل کرنے کی براہِ راست ذمہ داری امریکا پر عائد ہوتی ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے نام ارسال کردہ ایک خط میں ایرانی مندوب نے واضح کیا کہ امریکا دانستہ طور پر ایران کے اندرونی معاملات میں غیرقانونی مداخلت کر رہا ہے، جس کے نتیجے میں امن و امان کی صورتحال کو نقصان پہنچا۔
امیر سعید ایروانی نے کہا کہ امریکا صیہونی حکومت کے ساتھ قریبی ہم آہنگی کے تحت ایران کے خلاف منظم سازش میں ملوث ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مداخلت دھمکیوں، اشتعال انگیز بیانات، منفی پروپیگنڈے اور تشدد کی کھلی حوصلہ افزائی کے ذریعے کی جا رہی ہے، جس کا مقصد ایران کے امن، خودمختاری اور استحکام کو سبوتاژ کرنا ہے۔
ایرانی مندوب نے امریکا کے ان اقدامات کو اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قوانین اور ریاستوں کی خودمختاری کے اصولوں کی صریح اور سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران ان تمام تخریبی اور اشتعال انگیز اقدامات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
امیر سعید ایروانی نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکا کی مداخلت پسندانہ پالیسیوں کا نوٹس لے اور ایران کے خلاف کی جانے والی ان غیرقانونی کارروائیوں کو روکنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔
آپ کا تبصرہ