6 جنوری 2026 - 15:17
رہبر معظم امام سید علی خامنہ ای سے متعلق من گھڑت خبروں کی شدید مذمت کرتا ہوں، علامہ ساجد علی نقوی

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے بعض میڈیا چینلز کی جانب سے رہبر معظم آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای مدظلہ العالی کے بارے میں من گھڑت، بیہودہ اور ناقابلِ تصور خبروں کے نشر ہونے کی شدید مذمت کی ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے ایک بیان میں کہا کہ رہبر معظم آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای مدظلہ العالی کے ملک چھوڑنے سے متعلق غیر مصدقہ اور جھوٹی خبر پھیلا کر عالم اسلام کو زخمی کرنے کی کوشش کی گئی ہے، جس سے امت مسلمہ کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی خبریں گھڑنے والوں کو اس کے منفی اثرات کا اندازہ ہونا چاہیے۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ اس وقت مغربی میڈیا عالم اسلام کے خلاف منظم، بے بنیاد اور بیہودہ پروپیگنڈہ کر رہا ہے، افسوسناک امر یہ ہے کہ بعض مقامی میڈیا چینلز بھی تصدیق کے بغیر ان خبروں کو نشر کر رہے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ بغیر تحقیق اور تصدیق کے ایسی خبروں کی اشاعت نہ صرف غیر ذمہ دارانہ عمل ہے بلکہ اس سے وطن عزیز پاکستان، جو عالم اسلام میں ایک معتبر اور نمایاں مقام رکھتا ہے، کے وقار کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے مطالبہ کیا کہ قومی میڈیا ذمہ داری، دیانت اور پیشہ ورانہ اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جھوٹے پروپیگنڈے کا حصہ بننے سے اجتناب کرے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha