30 دسمبر 2025 - 10:33
ایران اور عمان کے وزرائے خارجہ کا ٹیلیفونک رابطہ؛ دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

ایرانی وزیرِ خارجہ سید عباس عراقچی اور سلطنتِ عمان کے وزیرِ خارجہ سید بدر البوسعیدی کے درمیان پیر کے روز ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔

اہل بیت نیوز  ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیرِ خارجہ سید عباس عراقچی اور سلطنتِ عمان کے وزیرِ خارجہ سید بدر البوسعیدی کے درمیان پیر کے روز ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ عباس عراقچی کے ٹیلی گرام چینل سے جاری کردہ بیان کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے تہران اور مسقط کے درمیان دوطرفہ تعلقات سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا اور اہم عالمی و علاقائی مسائل پر ایک دوسرے کے نقطہ نظر سے آگاہی حاصل کی۔

گفتگو کے دوران ایرانی وزیرِ خارجہ نے خاص طور پر جنوبی یمن کی نازک صورتحال کا ذکر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یمن کی وحدت اور جغرافیائی سالمیت کا تحفظ خطے کے امن کے لیے ناگزیر ہے۔ عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ علاقائی ممالک کو مل کر ایسی کوششیں کرنی چاہئیں جس سے یمن میں پائیدار استحکام پیدا ہو اور کسی بھی ایسی مہم جوئی کا راستہ روکا جا سکے جو ملکی سالمیت کے خلاف ہو۔

واضح رہے کہ عمان روایتی طور پر خطے میں ایک اہم ثالث کا کردار ادا کرتا رہا ہے اور تہران اس حوالے سے مسقط کے ساتھ قریبی مشاورت کو اہمیت دیتا ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایران اور عمان خطے کے پیچیدہ مسائل کے حل اور امن و سلامتی کے فروغ کے لیے اپنا فعال سفارتی کردار جاری رکھیں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha