27 دسمبر 2025 - 10:45
مآخذ: ابنا
دہلی کے امامیہ ہال میں شیعہ علماء اسمبلی کا پانچواں سالانہ اجلاس منعقد

شیعہ علماء اسمبلی کا پانچواں سالانہ اجلاس دہلی میں امامیہ ہال میں منعقد ہوا، جس میں ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے علماء نے شرکت کی اور قومی، سماجی اور مذہبی مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اہلِ بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علماء اسمبلی کا پانچواں سالانہ اجلاس دہلی میں امامیہ ہال میں منعقد ہوا، جس میں ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے علماء نے شرکت کی اور قومی، سماجی اور مذہبی مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

یہ اجلاس  دہلی کے امامیہ ہال میں منعقد کیا گیا، جس میں ملک کی مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے معروف علماء، خطباء اور ممتاز مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔

اجلاس کی باقاعدہ کارروائی کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اجلاس کی صدارت جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا غلام رسول نوری نے کی۔

ابتدائی خطاب لکھنؤ سے آئے ہوئے مولانا منظر صادق نے کیا، جنہوں نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا پُرتپاک استقبال کرتے ہوئے موجودہ حالات میں علماء کی اہم ذمہ داریوں پر مختصر روشنی ڈالی۔

اس کے بعد ممبئی سے تعلق رکھنے والے مولانا فیاض باقر نے شیعہ علماء اسمبلی کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ میں گزشتہ ایک سال کے دوران تنظیم کی مذہبی، سماجی، سیاسی اور تعلیمی سرگرمیوں، درپیش چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل کو تفصیل سے بیان کیا گیا۔

اجلاس کے دوران ملک بھر سے آئے ہوئے ممتاز علماء نے قومی اور سماجی مسائل پر اپنے قیمتی خیالات کا اظہار کیا۔ ان میں مولانا محمد علی محسن تقوی (امام جمعہ، دہلی)، مولانا تقی رضا عابدی (حیدرآباد)، مولانا منظر صادق (لکھنؤ)، مولانا ریحان حیدر، مولانا علی حیدر نقوی، مولانا شاہد حسین، مولانا نوشاد علی زیدی (دہلی)، مولانا مکرم (شکارپور)، مولانا صفدر حسین زیدی (جونپور)، مولانا کاظم (راجستھان)، مولانا مقبول احمد (سری نگر) اور مولانا محمد حسین لطفی (کرگل) شامل تھے۔

اختتامی خطاب میں اجلاس کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا غلام رسول نوری نے تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے علماء اور خطباء کی ذمہ داریوں، قومی اتحاد، مذہبی ہم آہنگی کی اہمیت اور موجودہ حالات میں شیعہ برادری کے اجتماعی کردار پر زور دیا۔

مقررین نے قومی مسائل، سماجی چیلنجز، تعلیمی و تربیتی ضروریات اور علماء کے فعال کردار پر علمی دلائل اور بصیرت کے ساتھ اظہارِ خیال کیا۔اس اجلاس میں اتر پردیش، مہاراشٹر، جموں و کشمیر، راجستھان، کرگل، تلنگانہ اور دہلی کے مقامی علماء نے بھرپور شرکت کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha