اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں دہشت گردوں نے بویا کیمپ کو نشانہ بنایا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے حملہ شروع کیا اور ہیڈکوارٹر کے اندر گھسنے کی کوشش کی لیکن سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے بر وقت کارروائی کرکے حملہ ناکام بنادیا۔ اس درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں پانچوں حملہ آور ہلاک ہوگئے۔ فائرنگ میں 7 سیکورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دہشت گردوں میں شامل ایک ’خودکش بمبار‘ نے بارودی مواد سے بھری گاڑی جمعے کی صبح بویا قلعے کی دیوار سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکا ہوا۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ دھماکے کی آواز تقریباً 25 کلومیٹر دور واقع میرانشاہ شہر تک سنی گئی۔
ذرائع نے دہشت گردوں کی شناخت فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والوں کے طور پر کی ہے، جو حکومت کی جانب سے کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان کے لیے استعمال کی جانے والی اصطلاح ہے۔
ذرائع کے مطابق حملے میں بٹالین ہیڈکوارٹر کی صرف بیرونی دیوار کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ دھماکے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کردیا۔
پولیس اور سیکورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی خصوصی ٹیمیں بھی شواہد اکٹھا کرنے کے لیے روانہ کی گئیں۔
واقعے کے بعد پورے ضلع میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی جبکہ احتیاطی تدابیر کے طور پر ایک اہم شاہراہ پر ٹریفک کو عارضی طور پر معطل کیا گیا۔
آپ کا تبصرہ