اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سربراہ سینیٹر راجہ ناصر عباس جعفری نے پشاور میں فوجی دستوں کے ہیڈکوارٹر پر ہونے والے خودکش حملے کی سخت مذمت کی ہے اور شہدا کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران دہشت گرد حملوں میں ہونے والا غیرمعمولی اضافہ محض اتفاق نہیں بلکہ ایک منصوبہ بند اور مربوط مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد پاکستان کو سیاسی و سیکورٹی سطح پر غیر مستحکم کرنا ہے۔
سینیٹر راجہ ناصر عباس نے کہا کہ پاکستان کے دشمن داخلی کمزوریوں اور چیلنجوں کا فائدہ اٹھا کر ملکی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس نازک مرحلے پر عوام ریاستی اداروں سے مکمل شفافیت، بہتر انٹیلی جینس شیئرنگ اور دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کی توقع رکھتے ہیں۔
ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ نے مطالبہ کیا کہ دہشت گرد عناصر کے سہولت کاروں، مالی معاونین اور پشت پناہی کرنے والے گروہوں کو فی الفور بے نقاب کیا جائے اور انہیں قانون کے مطابق سخت ترین سزائیں دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن عناصر کے خلاف موثر اور تیزرفتار کارروائی ہی ملک میں دیرپا امن قائم کرنے کی بنیادی ضرورت ہے۔
آپ کا تبصرہ