اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، آج بنت جبیل میں سرکاری اسپتال کے قریب کھڑی ایک گاڑی کو اسرائیلی ڈرون نے نشانہ بنایا۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرون نے گاڑی پر دو میزائل فائر کیے جس سے شدید تباہی ہوئی۔
المیادین ٹی وی نے اپنے جنوبی لبنان میں موجود نمائندے کے حوالے سے تصدیق کی ہے کہ یہ حملہ اسرائیلی افواج کی جانب سے کیا گیا، جو گزشتہ کئی ہفتوں سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی میں مصروف ہیں۔
اس واقعے کو نہ صرف جاری آتشبس کی کھلی پامالی قرار دیا جا رہا ہے بلکہ یہ وہی اقوام متحدہ کی قرارداد 1701 کی بھی خلاف ورزی ہے جو 2006 کی لبنان جنگ کے خاتمے کے بعد منظور کی گئی تھی۔
ادھر دو روز قبل لبنان کے صدر جوزف عون نے وزیر خارجہ یوسف راجی کو ہدایت کی تھی کہ اسرائیل کی جانب سے جنوبی سرحد پر نئے کنکریٹ دیوار کی تعمیر کے خلاف فوری شکایت سلامتی کونسل میں جمع کرائی جائے۔ لبنان کا مؤقف ہے کہ یہ دیوار 2000 میں طے شدہ "بلیو لائن" کی کھلی خلاف ورزی اور سرحدی حدود پر تجاوز ہے۔
لبنانی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی اشتعال انگیزی خطے میں نئی کشیدگی کو جنم دے سکتی ہے اور عالمی برادری کو فوری مداخلت کرنی چاہیے۔
آپ کا تبصرہ