16 نومبر 2025 - 17:57
حق و باطل کی جنگ آج بھی جاری ہے، مزاحمتی بلاک عالمی قوت بن چکا ہے، علامہ مقصود علی ڈومکی

امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن جیکب آباد کے سالانہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی آرگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ تاریخِ انسانیت میں ہمیشہ حق و باطل کا معرکہ برپا رہا ہے اور فتح ہر دور میں حق ہی کی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی مزاحمتی محور عالمی طاقتوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہے جبکہ امریکہ اور اس کے اتحادی شدید اضطراب کا شکار ہیں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، جیکب آباد میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ضلع جیکب آباد کے سالانہ تنظیمی کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس سے مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے صوبائی آرگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی نے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں تاریخِ بشریت کے ابدی معرکے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آدمؑ و ابلیس، ہابیلؑ و قابیل، ابراہیمؑ و نمرود، موسیؑ و فرعون اور امام حسینؑ و یزید کا ٹکراؤ اس بات کا ثبوت ہے کہ باطل جتنی بھی طاقت کے ساتھ میدان میں آئے، کامیابی ہمیشہ حق ہی کی ہوتی ہے، کیونکہ باطل کی فطرت میں ذلت اور شکست ہی لکھی گئی ہے۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ عصرِ حاضر میں حضرت امام خمینیؒ نے حق و صداقت کا عَلَم بلند کیا، شیطانِ بزرگ امریکہ کے مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا اور عالمی استعمار کو بدترین شکست و رسوائی سے دوچار کیا۔ امام خمینیؒ نے امت کو بیداری، اتحاد اور مزاحمت کا شعور دیا جو آج عالمی منظرنامے پر نمایاں نظر آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج مزاحمتی محور یا مقاومتی بلاک ایک مضبوط عالمی قوت کے طور پر ابھرا ہے، جس نے اسرائیل کو عبرت ناک شکست سے دوچار کیا۔ یہی وجہ ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ علامہ ڈومکی نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ جعلی حکمران امریکی غلامی کی ہر حد پار کر چکے ہیں کیونکہ انہیں واشنگٹن کی پشت پناہی حاصل ہے۔

علامہ مقصود ڈومکی نے نوجوانوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان محبِ وطن، باشعور اور انقلابی نوجوانوں کی جماعت ہے۔ نوجوانوں کو چاہیئے کہ وہ آئی ایس او کا حصہ بن کر اس الہی و انقلابی تحریک کو مزید مضبوط کریں، کیونکہ قوموں کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہوتا ہے۔

کنونشن سے آئی ایس او کے نو منتخب ضلعی صدر اظہار الحسن، مجلس وحدت مسلمین سندھ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن مولانا منور حسین سولنگی اور ایم ڈبلیو ایم یوتھ ونگ لاڑکانہ ڈویژن کے صدر اللہ بخش میرالی نے بھی خطاب کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha