اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے صوبائی آرگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی نے سکھر میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (آئی ایس او) پاکستان کے مرکزی صدر برادر سید امین الحسن شیرازی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں برادر حیدر جتوئی، آفتاب میرانی، سید غلام شبیر نقوی اور دیگر بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال، نوجوانوں کی تنظیمی و تعلیمی سرگرمیوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے نوجوانوں کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں نوجوانوں کی مثبت سوچ اور عملی جدوجہد کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔
بعد ازاں علامہ مقصود علی ڈومکی نے اہل البیت پبلک اسکول، رانی پور میں اصغریہ آرگنائیشن پاکستان کی مرکزی ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب کیا۔ اجلاس میں اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر برادر غلام حسین جعفری، سید غلام شبیر نقوی اور دیگر مرکزی و مقامی رہنما موجود تھے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ دین اور دنیا کی حقیقی کامیابی قرآنِ کریم اور اہلِ بیتؑ کی تعلیمات اور سیرت پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عصر حاضر میں قرآن و اہل بیتؑ کی تعلیمات پر مبنی بہترین عملی نمونہ حضرت امام خمینیؒ کا راستہ ہے، جنہوں نے اپنی عظیم انقلابی اور الٰہی قیادت کے ذریعے دین اور سیاست کی جدائی کے باطل تصور کو رد کیا اور عوامی طاقت کے ذریعے ڈھائی ہزار سالہ ظلم و استبداد کا خاتمہ کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کی بنیاد رکھی۔
انہوں نے واضح کیا کہ بعض عناصر اپنی غلط اور انحرافی سوچ کو امام خمینیؒ کے نام سے منسوب کر کے پھیلا رہے ہیں، جو فکرِ امام خمینیؒ کی دانستہ تحریف اور خیانت کے مترادف ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے رہبر معظم حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امام خمینیؒ نے جمہوریت کا تصور یورپ سے نہیں بلکہ خالص اسلامی تعلیمات سے اخذ کیا تھا۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے مزید کہا کہ پاکستان میں قائدِ شہید علامہ سید عارف حسین الحسینیؒ کے افکار، جدوجہد اور تعلیمات ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ قائدِ شہید کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے دین، تعلیم اور سماجی خدمات کے میدان میں مؤثر اور عملی کردار ادا کریں۔
آپ کا تبصرہ