2 نومبر 2025 - 14:30
برطانوی ٹرین پر خونی حملہ؛ 9 افراد کی حالت تشویشناک + ویڈیو

ایک ہولناک واقعے میں، کیمبرج شائر سے لندن جانے والی ٹرین میں چاقو سے حملے کے بعد کم از کم 10 افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے 9 کی حالت تشویشناک ہے۔

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا || یہ واقعہ سینیچر (1 نومبر 2025) کو مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجکر 25 منٹ پر مشرقی انگلینڈ میں کیمبرج شائر کے راستے پر سفر کرنے والی ٹرین میں پیش آیا۔

جب ٹرین ہنٹنگڈن اسٹیشن پر پہنچی تو پولیس افسران اور ایمرجنسی سروسز فوری طور پر موقع پر حاضر ہوئیں۔

برٹش ٹرانسپورٹ پولیس (BTP)، کے مطابق جائے وقوعہ سے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان سے کاؤنٹر ٹیررازم یونٹ اور پولیس فورس مشترکہ طور پر تفتیش کر رہی ہیں۔

میٹرو پولیٹن پولیس سروس کے سربراہ کرس کیسی نے کہا، "ہم واقعے کی درست تفصیلات جاننے کے لئے فوری تحقیقات کر رہے ہیں۔ اس مرحلے پر اس حملے کے مقصد یا وجہ کے بارے میں قیاس ارائی کرنا قبل از وقت ہے۔"

پولیس نے بتایا کہ 10 افراد کو ہسپتال لے جایا گیا ہے جن میں سے نو کی حالت تشویشناک ہے۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ یہ حملہ دہشت گردی کے مقصد سے کیا گیا تھا یا اس کے پیچھے کوئی اور وجوہات ہیں۔

برطانوی وزیر اعظم نے سوشل نیٹ ورک ایکس (سابقہ ​​ٹویٹر) پر ایک پیغام میں اس واقعے کو "خوفناک اور پریشان کن" قرار دیتے ہوئے لکھا کہ "میری فکر متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہے۔ میں ہنگامی خدمات کے اداروں اور پولیس ان کے فوری اور جرأت مندانہ ردعمل پر ان کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا"۔

کیمبرج شائر پولیس نے بتایا کہ مسلح فورسز کو شام 7:39 پر ہنٹنگڈن اسٹیشن پر بلایا گیا اور انہوں نے فوری طور پر دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔

اس واقعے کے بعد لندن جانے والی ٹرین سروس کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا اور ہنٹنگڈن سٹیشن کو گھیرے میں لے لیا گیا کیونکہ سیکورٹی ادارے جائے وقوعہ کا جائزہ لے رہے تھے اور شواہد اکٹھے کر رہے تھے۔

حملہ آوروں کی شناخت یا مقصد کے بارے میں کوئی معلومات جاری نہیں کی گئی ہیں، اور پولیس نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ تحقیقات میں خلل ڈالنے سے بچنے کے لیے آن لائن کوئی تبصرہ یا قیاس آرائی کرنے سے گریز کریں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha