اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، امریکہ کے وزیرِ دفاع پِیٹ ہگسٹ نے اعلان کیا ہے کہ واشنگٹن اور نئی دہلی نے ایک دس سالہ دفاعی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں، جس کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان عسکری تعاون، معلومات کے تبادلے اور دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبے میں اشتراک کو فروغ دینا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، پِیٹ ہگسٹ نے بھارت کے وزیرِ دفاع راجنات سنگھ سے ملاقات کے بعد اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا کہ:آج ہماری ملاقات کے دوران امریکہ اور بھارت نے 10 سالہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے۔ یہ معاہدہ دونوں ملکوں کے دفاعی تعلقات کو نئی سطح پر لے جائے گا۔
امریکی وزیرِ دفاع نے کہا کہ یہ معاہدہ خطے میں امن و استحکام اور امریکہ کی دفاعی پالیسی کے استحکام کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔ ان کے بقول، واشنگٹن اور نئی دہلی اب عملی تعاون، معلوماتی روابط اور ٹیکنالوجی کے میدان میں مزید قریبی اشتراک کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
ہگسٹ نے مزید کہا کہ امریکہ اور بھارت کے دفاعی تعلقات کبھی بھی اس قدر مضبوط نہیں رہے جتنے آج ہیں۔
اطلاعات کے مطابق، اس معاہدے سے قبل دونوں ملک سیکیورٹی آف سپلائی (SOSA) کے تحت ایک تحفظِ فراہمی معاہدہ اور رابطہ افسران کی تعیناتی سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر چکے ہیں۔ یہ دونوں معاہدے امریکہ اور بھارت کے درمیان فوجی تعلقات کے سلسلے کی اہم کڑیاں ہیں۔
ماہرین کے مطابق، توافقِ فراہمی (SOSA) کے تحت دونوں ملک دفاعی صنعتوں کے درمیان سپلائی چین کے استحکام اور مشترکہ پیداوار و ترقی کے نئے مواقع کو فروغ دیں گے۔ اس معاہدے کا مقصد دفاعی مواد کی ترسیل کو محفوظ، منظم اور بحران کے اوقات میں بھی مستحکم بنانا ہے۔
ان اقدامات کے نتیجے میں، دونوں ممالک نے مشترکہ ورکنگ گروپس قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے تاکہ دفاعی سپلائی چین کو مضبوط کرنے، رابطہ بڑھانے اور مستقبل کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کی جا سکے۔
آپ کا تبصرہ