28 اکتوبر 2025 - 15:53
حماس نے ایک اور اسرائیلی قیدی کی باقیات ریڈ کراس کے حوالے کردیں

اطلاعات کے مطابق اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے ایک اور اسرائیلی قیدی کی باقیات ریڈ کراس کے حوالے کر دی ہیں۔

 اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے غاصب اسرائیل کے ایک اور قیدی کی لاش عالمی ریڈ کراس سوسائیٹی کے حوالے کردی جسے ریڈ کراس نے غزہ میں اسرائیلی فوجیوں تک پہنچایا۔

قابل ذکر ہے کہ حماس اور غاصب اسرائیلی حکومت کے درمیان 10 اکتوبر سے شروع ہونے والی جنگ بندی کے معاہدے کے تحت، حماس نے 28 اسرائیلی قیدیوں کی لاشیں واپس کرنے پر اتفاق کیا تھا، جن میں سے اب تک 16 قیدیوں کی لاشیں ریڈ کراس کے حوالے کردی گئی ہیں۔

جنگ بندی معاہدے کے تحت 13 اکتوبر کو زندہ بچ جانے والے 20 قیدیوں کو رہا کیا گیا تھا۔ حماس کا کہنا ہے کہ جنگ زدہ فلسطینی علاقے میں بڑے پیمانے پر تباہی کی وجہ سے کچھ قیدیوں کی باقیات کو تلاش کرنا مشکل ہے۔

حماس کے سینیئر رہنما خلیل الحیہ نے کہا ہے کہ قیدیوں کی لاشوں کو تلاش کرنے میں بہت مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ غزہ کا علاقہ بالکل تبدیل ہوگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاشوں کو دفن کرنے والوں میں سے کچھ جنگ کے دوران مارے گئے تھے جبکہ دیگر تدفین کے مقامات کو بھول گئے۔

واضح رہے کہ تحریک حماس جنگ بندی معاہدے پر پوری طرح سے عمل کر رہی ہے لیکن اس کے برعکس غاصب اسرائیل معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کرتے ہوئے وقفے وقفے سے غزہ کی پٹی کو اپنے وحشیانہ حملوں کا نشانہ بنا رہا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha