بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا || سید حسن ظفر نقوی نے واضح کیا کہ اس منصوبے کا مقصد صرف فلسطین پر قبضے کو جائز قرار دینا نہیں بلکہ بیت المقدس پر صہیونی تسلط کو مستقل بنانا ہے۔ ان کے بقول، یہ خیانت لاکھوں شہید فلسطینیوں کے خون سے رنگین ہے اور افسوسناک امر یہ ہے کہ اسلامی دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جبکہ امریکا اور اسرائیل کے سہولت کار اس سازش میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی خبردار کیا کہ پاکستان میں اسرائیلی لابی کے اثر و رسوخ کو بڑھانے کے لیے میڈیا پر ان کے ایجنٹ بٹھائے جارہے ہیں تاکہ عوامی رائے کو اپنے حق میں موڑا جاسکے، لیکن بیشتر سیاسی و مذہبی جماعتیں اس سنگین صورتحال پر مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔
خطیب پاکستان نے کہا کہ تاریخ اس بدترین خیانت کو معاف نہیں کرے گی اور جو لوگ آج فلسطین سے غداری کر رہے ہیں وہ کل رسوا ہوں گے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ بعض اندرونی و بیرونی طاقتیں اپنے مقاصد کے لیے فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دینے کی کوشش کر رہی ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ اگر آج علما اور عوامی قیادت نے امریکا اور اسرائیل کے ان منصوبوں کے خلاف آواز نہ اٹھائی تو کل یہی سازشیں باقی سب کو اپنی لپیٹ میں لے لیں گی۔ ان کے مطابق یہ وقت گھروں میں بیٹھنے کا نہیں بلکہ میدان عمل میں نکل کر امت مسلمہ کے وقار اور فلسطین کی حمایت کا حق ادا کرنے کا ہے۔
آپ کا تبصرہ