30 ستمبر 2025 - 16:24
اسرائیل نے موبائل ہیک کر لیا، آپ سے اب رابطہ نہیں ہوگا، مشتاق احمد خان کا اہم ویڈیو پیغام

غزہ کی جانب محو سفر گلوبل صمود فلوٹیلا میں شامل سابق سینیٹر و رہنما جماعت اسلامی پاکستان مشتاق احمد خان نے پاکستانیوں کیلیے انتہائی اہم ویڈیو پیغام جاری کر دیا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، مشتاق احمد خان نے فیس بک پر یہ ویڈیو پیغام شیئر کیا جس میں انہوں نے کہا کہ پچھلے 24 گھنٹے سے آپ لوگوں سے کوئی رابطہ نہیں ہو پا رہا، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اپڈیٹ بھی نہیں کر سکتا جس کی وجہ یہ ہے کہ میرا موبائل فون اسرائیل نے جام (ہیک) کر لیا ہے اور یہ بالکل کام نہیں کر رہا۔

انہوں نے کہا کہ میں کسی سے رابطے میں نہیں ہوں لیکن ہم ان ہتھکنڈوں سے ڈرنے اور رکنے والے نہیں ہیں، سمندر کی مچھلیاں ہمارا گوشت کھا لیں یا اسرائیلی ڈرون ہمارے جسم کے پرزے اڑا دیں تب بھی ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، غزہ کی ناکہ بندی توڑیں گے اور وہاں امداد پہنچائیں گے۔

مشتاق احمد خان نے مزید کہا کہ غزہ میں شہدا کی لاشوں کو جانور کھا رہے ہیں اور ہم مسلمان بے فکر ہیں، یہ ہم کیسے مسلمان ہیں؟ ہمیں کوئی احساس کیوں نہیں ہے؟ آواز اٹھائیں قدم بڑھائیں اور حکمرانوں پر دباؤ ڈالیں کہ وہ گلوبل صمود فلوٹیلا کو تحفظ دیں۔

رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ اگلے چند گھنٹوں میں ہم غزہ کے پانیوں میں داخل ہو جائیں گے، ہم گرفتار ہوتے ہیں یا قتل ہوتے ہیں ہمیں کوئی پرواہ نہیں ہے، آپ سے اب کوئی رابطہ نہیں ہوگا، میرا موبائل فون ہیک ہو چکا ہے۔

انہوں نے پاکستانیوں سے اپیل کی کہ آپ ہمارے لیے دعائیں کریں اور آواز اٹھائیں، پارلیمنٹ، صوبائی اسمبلیوں، تعلیمی اداروں اور ہر جگہ آواز اٹھائیں اور حکمرانوں پر دباؤ ڈالیں تاکہ گلوبل صمود فلوٹیلا کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

گلوبل صمود فلوٹیلا غزہ کی جانب رواں ہے جس کا بنیادی مقصد اسرائیلی محاصرہ توڑ کر مظلوم فلسطینیوں تک خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء پہنچانا ہے۔

چھوٹے بحری جہازوں پر مشتمل قافلے میں 44 ممالک کے انسانی حقوق کے کارکن، سیاستدان و دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سوار ہیں۔ اس میں رہنما جماعت اسلامی پاکستان و سابق سینیٹر مشتاق احمد خان بھی سوار ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha