اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، سینیٹر راجہ ناصر عباس جعفری نے کانفرنس ’’عشق پیامبر اعظم (ص)‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری انسانیت ظلم اور استبداد کے دباؤ میں ہے اور مغرب کی بےحیائی و جابرانہ ثقافت کی قربانی بن رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مغرب نے ترقی اور پیشرفت کے نعروں سے دنیا کو دھوکہ دیا، لیکن جب ختمی مرتبت حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی توہین کی جاتی ہے تو ان کی مکروہ اور برہنہ ثقافت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے آجاتا ہے۔
سینیٹر راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ غزہ کی صورتحال اس تلخ حقیقت کی سب سے نمایاں مثال ہے۔ امریکہ اور اسرائیل نہ قابلِ اعتماد ہیں اور نہ ہی مسلمانوں کے دوست بلکہ ان کے دشمن ہیں۔ ان کی ثقافت انسانیت کی تحقیر، خوف، خیانت اور بےاحترامی سے بھری ہوئی ہے۔ آج جو شخص غزہ کے عوام کے ساتھ نہیں ہے وہ خدا کے ساتھ بھی نہیں ہے۔
انہوں نے اسرائیل کے قطر پر حملے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ براہِ راست اس حملے میں شریک تھا، حالانکہ قطر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 400 ملین ڈالر مالیت کا طیارہ بھی دیا تھا لیکن اس کے باوجود مزاحمتی رہنما شہید کر دیے گئے۔
سینیٹر راجہ ناصر عباس جعفری نے پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس آفت میں عوام کی امیدیں بہہ گئیں اور کمزور و بے سہارا افراد شدید خطرات سے دوچار ہوئے، لیکن حکومت کی نااہلی اور بددیانتی کے باعث کسی نے ان کی داد رسی نہیں کی۔
آپ کا تبصرہ