9 ستمبر 2025 - 15:57
جہالت تمام مسائل کی جڑ ہے، آیت اللہ ساجد علی  نقوی

شیعہ علما کونسل پاکستان کے سربراہ آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ جہالت تمام مصائب اور مشکلات کی اصل وجہ ہے، اور قوم کو ترقی کے لیے علم کی روشنی اپنانی ہوگی۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق،:شیعہ علما کونسل پاکستان کے سربراہ آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ جہالت تمام مصائب اور مشکلات کی اصل وجہ ہے، اور قوم کو ترقی کے لیے علم کی روشنی اپنانی ہوگی۔

آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے عالمی یومِ تعلیم اور یومِ تحفظِ تعلیم کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ آج کی دنیا میں کامیابی کے لیے تعلیم ناگزیر ہے۔ جب تک قوم جہالت کے اندھیروں سے باہر نہیں نکلے گی، ترقی ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ دن تعلیم کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے منائے جاتے ہیں، لیکن افسوس ہے کہ صہیونی قوتیں عالمی طاقتوں کی پشت پناہی سے فلسطین خصوصاً غزہ میں عبادت گاہوں اور تعلیمی اداروں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ ان کے مظالم سے بچے اور اساتذہ بھی محفوظ نہیں۔

آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے افسوس کا اظہار کیا کہ عالمی ادارے ان حملوں کو روکنے میں ناکام رہے ہیں۔

انہوں نے تجویز دی کہ 9 ستمبر کو آئندہ سال (2025) سے ’’یومِ طلبہ و اساتذہ مظلوم غزہ‘‘ کے طور پر منایا جائے تاکہ شہدا اور متاثرین کو ہمیشہ یاد رکھا جا سکے۔

انہوں نے پاکستان کی شرح خواندگی پر بھی تشویش ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ 2023ء کی مردم شماری کے مطابق ملک کی صرف 60 تا 65 فیصد آبادی خواندہ ہے۔ مردوں کی شرح خواندگی 68 فیصد جبکہ خواتین کی صرف 52.8 فیصد ہے، جو کسی طور تسلی بخش نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام کا پہلا پیغام بھی تعلیم تھا لیکن وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس میدان میں سنجیدہ اقدامات نہیں کر رہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ تعلیم کے تحفظ کا عالمی دن فلسطین اور بالخصوص غزہ کے مظلوم طلبہ و اساتذہ کے نام سے منسوب کیا جانا چاہیے تاکہ آئندہ نسلیں صہیونی مظالم سے باخبر رہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha