اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق مہدی العاکف نے پیر کے روز شائع ہونے والے مصری روزنامے "المصریون" کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر یمنی الزام بے بنیاد ہے۔
انھوں نے کہا: اس وقت عرب اقوام اور مسلم امہ کے حوالے سے ایران کا موقف مثبت ہے اور ہم ایران کے موجودہ موقف کو سراہتے ہیں اور اگر کبھی ایران غلطی کرے تو ہم اس کو اس کی غلطی گوش گزار کراتے ہیں مگر مذہب کے معاملے سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے۔
اخوان المسلمین کے سربراہ نے سعودی بادشاہ عبداللہ بن عبدالعزیز سے مطالبہ کیا کہ اپنے باپ کی پیروی کریں اور اپنی زندگی کے باقیماندہ ایام میں ہی یمن کی جنگ کے خاتمے کے حوالے سے کی گئی درخواستوں کا مثبت جواب دیتے ہوئے مسلمانوں کی خونریزی بند کرادیں۔ جیسا کہ ان کے باپ نے بھی ایسا ہی کیا تھا۔
انھوں نے عبداللہ بن عبدالعزیز سے مخاطب ہوکر کہا: اپنے باپ کی طرح بنو اور خونریزی کے خاتمے کے لئے جنگ بندی کا فرمان جاری کرو۔
اخوان المسلمين کے سربراہ نے عالم اسلام کے علماء اور فقہاء سے اپیل کی کہ یمن میں موجودہ تناؤ اور مسلمان کے خون کی ہولی بند کرانے کے لئے کردار ادا کریں۔
یادرہے کہ سعودی فضائیہ نے گذشتہ کئی دنوں سے یمن کی شیعہ مجاہدین اور الصعدہ کی شیعہ آبادیوں پر بمباری جاری رکھے ہوئے ہے۔