26 مئی 2025 - 13:50
شہباز- اردوگان ملاقات، پاک ترک اسٹریٹجک تعاون بڑھانے پر اتفاق، امن کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کا عزم

استنبول وزیراعظم شہباز شریف نے استنبول میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوگان سے ملاقات کی، اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزراء بھی موجود تھے، وفد کی سطح پر ہونے والی بات چیت میں دونوں ممالک نے پاک ترک اسٹرٹیجک شراکت داری کو مزید بلندیوں تک لے جانے پر اتفاق اور علاقائی امن کیلئے ملکر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ 

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت سے کشیدگی کے دوران حمایت اور مسئلہ کشمیر پر ساتھ دینے پر ترک حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا، صدر اردوگان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں تعاون دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے، دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جاری انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور فوری جنگ بندی اور متاثرہ فلسطینی آبادی تک بلاتعطل انسانی امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ 

دونوں ممالک نے دو طرفہ تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر تک کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ 
قبل ازیں صدارتی محل آمد پروزیراعظم شہباز شریف کا شاندار استقبال کیا گیا۔ 
ترک صدر اردوگان نے وزیر اعظم اور پاکستانی وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ پہنچ گئے جہاں اُن کی ترک صدر طیب اردوگان سے ملاقات ہوئی ہے۔ 

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اپنے دو روزہ سرکاری دورہ ترکیہ کے شہر استنبول پہنچے، جہاں اُن کا ترک وزیر دفاع اور دیگر اعلیٰ شخصیات نے استقبال کیا۔ 

وزیراعظم ترکیہ پہنچنے کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ ترک صدر سے ملاقات کیلیے صدارتی محل دولمباہچے پہنچے۔ جہاں ترک صدر نے مہمانوں کا استقبال کیا۔

صدارتی محل میں دونوں رہنماؤں کی وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی۔ 

وفد کے ارکان نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر اطلاعات ونشریات عطاؤللہ تارڑ اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی ملاقات میں شریک تھے۔ 

ترک صدر اردوگان نے وزیر اعظم اور پاکستانی وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔ 

دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں پاکستان اور ترکی کے دیرینہ، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی تصدیق کی گئی جو مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور ترقی و خوشحالی کے مشترکہ وژن پر مبنی ہیں۔ 

وزیراعظم نے ترکی کے اصولی مؤقف اور ترک عوام کی خیر سگالی کو پاکستان کیلئے باعث اطمینان اور تقویت قرار دیا۔ 

ملاقات میں وزیراعظم نے وطن کے دفاع میں "معرکہِ حق" اور "آپریشن بنیان مرصوص" میں پاکستانی افواج کے عزم، بہادری، قربانی اور عوام کی بے مثال حب الوطنی کو اجاگر کیا جبکہ اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے، خاص طور پر مشترکہ منصوبوں اور دوطرفہ سرمایہ کاری کے فروغ پر زور دیا۔ 

ملاقات میں قابلِ تجدید توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، دفاعی پیداوار، انفراسٹرکچر اور زراعت سمیت دیگر شعبوں کو باہمی دلچسپی اور امکانات کے حامل شعبے قرار دیا گیا۔ 
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا اور اسٹرٹیجک شراکت داری کو مزید بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترک صدر اور وزیراعظم نے 13 فروری 2025 کو اسلام آباد میں منعقدہ ہائی لیول اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے ساتویں اجلاس میں طے شدہ فیصلوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔

ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے بنیادی مفادات بشمول مسئلہ جموں و کشمیر پر اصولی حمایت کا اعادہ کیا۔
دونوں ممالک کے درمیان کثیرالجہتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کے ساتھ ہوا۔ 
دریں اثناء صدر اردوگان کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ ترک صدر طیب اردوگان نے اتوار کو استنبول میں پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha