4 ستمبر 2016 - 06:40
ہندوستانی وزیراعظم کا دورہ ویتنام

ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے دورہ ویتنام میں اس ملک کے ساتھ دفاعی اور اسٹریٹیجک معاہدہ کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی وزیراعظم نے ہنوئی میں ویتنام کے وزیراعظم گوئین شو آن فوک سے ملاقات کی جس میں دفاع ، ریلوے ، صحت اور ایرواسپیس جیسے مختلف شعبوں میں معاہدوں پر دستخط ہوئے- ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے کہا ہے کہ ہندوستان اور ویتنام کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ہوا ہے-

ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی اپنے ویتنامی ہم منصب سے ملاقات کے بعد کہا کہ دفاعی شعبے میں دونوں ملکوں کے درمیان جو سمجھوتہ ہوا ہے اس سے مستقبل میں دونوں ملکوں کی جانب سے اپنے باہمی تعاون کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کا عزم ظاہر ہوتا ہے-

انہوں نے کہا کہ دفاع اور دیگر شعبوں میں ہونے والے سمجھوتوں سے نئی دہلی اور ہنوئی کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے- ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں نے علاقائی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے باہمی تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے-

یہاں یہ بات قابل ذکرہے کہ پندرہ سال میں کسی بھی ہندوستانی وزیراعظم کا یہ پہلا دورہ ویتنام ہے- اس سے قبل اس وقت کے ہندوستانی وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی نے دو ہزار ایک میں ویتنام کا دورہ کیا تھا- جبکہ روس اور چین کے بعد ہندوستان تیسرا ملک ہے جس کے ساتھ ویتنام نے اسٹریٹیجک اور دفاعی سمجھوتہ کیا ہے-

ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی ویتنام کا ایک روزہ دورہ مکمل کر کے گروپ بیس کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے چین کے شہر ہانگجو روانہ ہوگئے ہیں - گروپ بیس کا سربراہی چار اور پانچ ستمبر کو ہانگجو میں ہو رہا ہے۔

.......

/169