30 اگست 2016 - 12:10
کراچی کے نئے میئر نے حلف اٹھا لیا

متحدہ قومی موومنٹ کے وسیم اختر اور ارشد وہرہ نے کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق تقریب حلف برداری گلشن جناح میں ہوئی جہاں نومنتخب میئر وسیم اختر کو سخت سیکورٹی میں بکتر بندی گاڑی میں سینٹرل جیل سے لایا گیا تھا- ریٹرننگ افسر سمیع صدیقی نے نومنتخب میئر اور ڈپٹی میئر سے حلف لیا-

حلف اٹھانے کے بعد وسیم اختر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم پاکستان پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے- ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر سبھی جماعتوں نے اعتماد کیا ہے میں ان سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں-

حلف برداری کی تقریب میں متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار، سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن، اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی ، ممتازسیاسی اور سماجی شخصیات اور غیر ملکی سفارتکاروں نے بھی شرکت کی-

اس موقع پر ایم کیوایم کے سربراہ فاروق ستار نے کہا کہ سات سال بعد کراچی کو اس کا وارث مل گیا انہوں نے کہا کہ ہم کراچی کو مثالی شہر بنائیں گے اور کراچی میں بین الاقوامی سرمایہ کاری لائیں گے- ان کا کہنا تھا کہ اگربلدیاتی نظام موجود نہ ہو تو جمہوریت نامکمل ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169