25 جولائی 2016 - 14:20
روس کا آزاد فلسطینی ریاست کے قیام پر زور

روس کے صدر ولادی میر پوتن نے دارالحکومت بیت المقدس کے ساتھ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صدر ولادی میر پوتن نے موریطانیہ میں جاری عرب سربراہی اجلاس کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ روس، دارالحکومت بیت المقدس کے ساتھ ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا حامی ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطین کی موجودہ صورتحال ناقابل قبول ہے اور ان کا ملک بحران کے حل کے لیے ماحول سازگار بنائے جانے کا خواہاں ہے۔

روسی صدر نے کہا کہ ماسکو مشرق وسطی کے بحران کے حل کے لیے دو جانبہ اور چند جانبہ کوششوں کے آغاز کا ارادہ رکھتا ہے۔ صدر ولادی میر پوتن کا کہنا تھا کہ پچھلے کئی برس سے مشرقی وسطی کے بعض ملکوں میں حکومتوں کے زوال نیزاقتصادی اور سماجی مشکلات میں شدت کے ساتھ ساتھ انتہا پسندی میں اضافے کا مشاہدہ کیا جارہا ہے۔

روسی صدر نے یہ بات زور دیکر کہی کہ ان کا ملک خطے میں جاری عالمی دہشت گردی کے سدباب کے لیے عرب لیگ کے ساتھ تعاون کے لیے بھی تیار ہے۔

قابل ذکر ہے کہ عرب لیگ کا دو روزہ سربراہی اجلاس موریطانیہ کے دارالحکومت نواکشوط میں شروع ہوگیا ہے جو منگل تک جاری رہے گا۔

۔۔۔۔۔

/169