اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی وزیرخارجہ سشما سوراج کا کہنا ہےکہ چین، ہندوستان کی نیوکلیئر سپلائرز گروپ این ایس جی میں شمولیت کے خلاف نہیں اور نہ ہی ہندوستان کو پاکستان کی اس گروپ میں شمولیت پر کوئی اعتراض ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین این ایس جی میں ہندوستان کی شمولیت کی مخالفت نہیں کررہا بلکہ صرف طریقہ کار پر بات کر رہا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ چین بھی این ایس جی کی رکنیت کے لیے ہندوستان کی حمایت ضرور کرے گا۔
ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ہندوستانی سفارتی ذرائع نے سیکریٹری خارجہ ایس جے شنکر کے غیر اعلانیہ دورہ چین کی تصدیق کی ہے۔ ہندوستانی میڈیا کے مطابق اس ملک کے سیکریٹری خارجہ نے سولہ اور سترہ جون کو چین کا غیراعلانیہ دورہ کیا تھا جس کا مقصد این ایس جی کی رکنیت کے لیے بیجنگ کو راضی کرنا تھا۔
پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے خارجہ سیکریٹریوں کے درمیان مذاکرات منسوخ نہیں ہوئے بلکہ ہم پٹھان کوٹ کے واقعے کے بارے میں پاکستان کی جانب سے تحقیقات کے مکمل ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہمیں مشکل معاملات طے کرنا ہیں تاہم اس وقت دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں گرمجوشی موجود ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169