اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراق کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے "یان کوبیش "نے اتوار کو تہران میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر اور تشخیص مصلحت نظام کونسل کے اسٹریٹیجک اسٹڈیز سینٹر کے سربراہ ڈاکٹر علی اکبر ولایتی سے ملاقات کی ۔ ڈاکٹر ولایتی نے اس ملاقات میں کہا کہ اس خطے کی اقوام بیدار ہوچکی ہیں اور شام اور عراق کی تقسیم کے لئے بعض مغربی ملکوں اور علاقے کی رجعت پسند حکومتوں کی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہوپائیں گی۔
ڈاکٹر ولایتی نے کہا کہ خطے میں تکفیریوں اور انتہا پسندوں کی کارروائیوں کے آغاز میں ہی اسلامی جمہوریہ ایران نے ان سے نمٹنے کےلئے سنجیدگی کے ساتھ عملی اقدامات انجام دیئے۔ انھوں نے کہا کہ ایران یہ سمجھتا ہے کہ اس خطے میں دہشت گردی کی حمایت کرنے والوں کو، اس حمایت کے نتائج اور اس سے مختلف ملکوں میں وجود میں آنے والے بحرانوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ڈاکٹر علی اکبرولایتی نے کہا کہ جو ممالک دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کا دعوی کرتے ہیں ان کو چاہیئے کہ ایران کی طرح اس سلسلے میں سنجیدگی کے ساتھ اقدامات انجام دیں ۔
عراق کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائںدے یان کوبیش نے اس ملاقات میں کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ ایران نے عراق کے سیاسی مسائل کے حل کے لئے بہت زیادہ کوششیں کی ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ عراق کے تعلق سے ایران اور اقوام متحدہ میں بہت اچھا تعاون پایا جاتا ہے ۔
یان کوبیش نے عراق کے موجودہ بحران پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی نے بجٹ کے تعلق سے عراق پر کافی مشکلات مسلط کردی ہیں ۔
عراق کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے نے کہا کہ داعش کے خلاف جنگ میں عراقی فوج ، عوامی رضاکار فورس ، کرد پیشمرگہ ملیشیا اور دیگر عراقی افواج نے تاریخی کامیابیاں حاصل کی ہیں ۔
.......
/169