31 مارچ 2016 - 20:56
ایران کے میزائل پروگرام کا مشترکہ جامع ایکشن پلان سے کوئی تعلق نہیں ہے

ایران کی وزارت خارجہ کے ایک اعلی عہدیدار نے کہا ہے کہ ایران کے میزائل پروگرام کا مشترکہ جامع ایکشن پلان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کے بین الاقوامی سیکورٹی اور سیاسی شعبے کے ڈائریکٹر جنرل حمید بعیدی نژاد نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے میزائلی تجربات کا جامع ایٹمی معاہدے اور مشترکہ جامع ایکشن پلان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ امریکا نے سلامتی کونسل میں ایران کے قانونی میزائلی تجربات کی مذمت میں بیان جاری کروانے میں ناکامی کے بعد چند ایرانی اور دوسرے ملکوں کی کمپنیوں کے اکاؤنٹ منجمد کرنے کا اعلان کیا ہے جن میں برطانیہ کی دو کمپنیاں بھی شامل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ امریکی بھی اچھی طرح جانتے ہیں کہ ان کی پابندیوں سے ایران کا میزائل پروگرام متاثر نہیں ہو سکتا۔

حمید بعیدی نژاد نے کہا کہ امریکیوں کا یہ اقدام صرف تشہیراتی حیثیت رکھتا ہے۔ وزارت خارجہ کے بین الاقوامی سیکورٹی اور سیاسی شعبے کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ایرانی کمپنیوں کا امریکا میں کوئی اکاؤنٹ ہی نہیں ہے جس کو وہ بند کر سکیں۔ انھوں نے کہا کہ امریکا کی نئی پابندیوں کے جواب میں ایران کے اعلی رتبہ حکام نے اعلان کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا میزائلی دفاعی پروگرام پہلے سے زیادہ تیزی کے ساتھ جاری رہے گا۔

.......

/169