27 مارچ 2016 - 12:22
ایران کی پر امن ایٹمی سرگرمیاں عالمی تعاون کی علامت: صدر روحانی

صدر مملکت حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران کی پرامن ایٹمی سرگرمیاں عالمی تعاون کی علامت بن گئی ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ تہران میں اعلی سرکاری عہدیداروں کے ساتھ نوروز کی رسمی ملاقات کے دوران صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران کی ایٹمی سرگرمیاں عالمی تعاون کے علامت بن گئی ہیں اور یہ ایرانی عوام کی عظیم کامیابی ہے۔

صدر نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایات اور عوام اور حکومت کے اتحاد کے نتیجے میں ایران کا ایٹمی کیس ہمیشہ کے لیے بند اور ظالمانہ پابندیوں کا خاتمہ ہو گیا ہے۔

صدر حسن روحانی نے کہا کہ ان کی حکومت رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایات کے مطابق استقامتی معیشت کے عمل کو تیزی کے ساتھ آگے بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ پابندیوں کے خاتمے کی بعد پیدا ہونے والے سازگار ماحول سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی پیداوار کی حمایت، اقتصادی شعبوں کو فعال بنانے کی منصوبہ بندی، نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا، دنیا کے ساتھ تعمیری تعاون اور ملک میں سرمائے اور ٹیکنالوجی کی منتقلی، استقامتی معیشت کی پالیسی کے اہم نکات ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اکیس مارچ سے شروع ہونے والے نئے ایرانی سال کو استقامتی معیشت اور اقدم و عمل کا نام دیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲