اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراق کی فوج نے جمعرات کے دن صوبہ الانبار کے شہر الخالدیہ میں دہشت گرد گروہ داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔ جس کے نتیجے میں اس دہشت گرد گروہ کے چھبیس عناصر ہلاک اور ہتھیاروں کے گودام تباہ ہوگئے۔
شمالی عراق میں واقع صلاح الدین میں بھی عراقی لڑاکا طیاروں نے تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔ جس میں داعش کے متعدد عناصر ہلاک ہوگئے۔ یہ افراد دوسرے ممالک کے شہری تھے۔عراقی سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے جنوبی تکریت میں واقع الضباعی العوجہ نامی علاقے پر دہشت گرد گروہ داعش کے حملے کو ناکام بنا دیا۔عراق سے موصول ہونے والی ایک اور خبر کے مطابق دارالحکومت بغداد میں ایک بم دھماکہ ہوا ہے جس میں چار افراد جاں بحق اور بیس زخمی ہوگئے ہیں۔ بغداد آپریشن کے کمانڈر میجر جنرل عبدالامیر الشمری نے بغداد میں دہشت گردوں کی دراندازی کو روکنے کے لئے اس شہر کے گرد سو کلومیٹر لمبی دیوار تعمیر کئےجانےکی خبر دی ہے۔
امریکا کی قیادت والے نام نہاد داعش مخالف اتحاد کے لڑاکا طیارے بھی دہشت گردی کے مقابلے کے بہانے عراق کے بعض صوبوں پر بمباری کر رہے ہیں۔ ان لڑاکا طیاروں کی جانب سے عراق کے شہر ہیت پر کئے جانے والے حملے میں پچیس افراد مارے گئے ہیں۔ کہا جا رہاہے کہ مارے جانے والوں کی اکثریت عام شہریوں پر مشتمل تھی۔ دہشت گرد گروہ داعش نے جون سنہ دو ہزار چودہ سے عراق کے بعض صوبوں پر قبضہ کر رکھا ہے اور ان صوبوں میں اس دہشت گرد گروہ نے بہت زیادہ مظالم ڈھائے ہیں۔
۔۔۔۔۔
/169