16 جنوری 2016 - 09:36
ایرانی وزیر خارجہ ویانا پہنچ گئے

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی کے ساتھ مشترکہ بیان پڑھنے اور مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کے آغاز کا اعلان کرنے کے لیے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا پہنچ گئے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق آج ہفتے کے روز جامع ایٹمی سمجھوتے میں کیے گئے وعدوں پر ایران کی جانب سے عمل درآمد کے بارے میں ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کی حتمی رپورٹ جاری کی جائے گی۔ آئی اے ای اے کی جانب سے ایرانی وعدوں پر عمل درآمد کی تائید کے بعد مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عملدرآمد کا راستہ ہموار ہو جائے گا۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق آئی اے ای اے کی رپورٹ جاری ہونے کے بعد یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی اور ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف مشترکہ بیان پڑھیں گے۔

ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ علی اکبر صالحی، اس ادارے کے ترجمان بہروز کمال وندی، ایران کے نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان صادق حسین جابری انصاری بھی جواد ظریف کے ساتھ ویانا گئے ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ بھی جواد ظریف اور فیڈریکا موگرینی کے ساتھ گفتگو کے لیے ویانا گئے ہیں۔

۔۔۔۔۔

/169