اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ پریس ٹی وی سےبات چیت کرتے ہوئے روز حمید نے کہا کہ امریکہ میں اسلاموفوبیا اپنے عروج پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں آباد تمام مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف نفرت کا مقابلہ کریں اور دین اسلام کے بارے میں پائے جانے والے غلط تصورات کی اصلاح کی کوشش کریں۔ روز حمید نے کہا کہ امریکہ میں مسلمان انتہائی خوف و ہراس میں زندگی گزار رہے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ پوری قوت کے ساتھ میدان عمل میں اتریں اور اسلام کے نام پر غیر اسلامی کام کرنے والوں کی کھل کر مذمت کریں۔ اس با پردہ مسلم خاتون نے ٹرمپ کے انتخابی جلسے سے اپنے اخراج کے بارے میں کہا کہ میں انتہائی خاموشی کے ساتھ کھڑی ہوئی تھی لیکن ان لوگوں کا رویہ میرے ساتھ ایسا تھا کہ گویا وہ مجھ سے وحشت زدہ ہیں۔ یہی وجہ تھی کہ ٹرمپ کے سیکورٹی اہلکاروں نے مجھے وہاں سے باہر نکال دیا۔ قابل ذکر ہے کہ امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ، جس وقت اپنی تقریر میں شامی پناہگزینوں پر داعش اور دیگر دہشت گردوں کے ساتھ وابستگی کا الزام لگارہے تھے، روز حمید اعتراض کے طور پر اپنی جگہ پر خاموشی کے ساتھ کھڑی ہوگئی تھیں۔ واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اس سے پہلے بھی اپنی مہم کے دوران متعدد بار مسلمانوں کے حوالے سے متنازع بیانات دے چکے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169