10 جنوری 2016 - 12:32
علامہ ناصر عباس جعفری: پاکستان کو اپنے مفاد میں سعودی اتحاد میں شمولیت سے گریز کرنا چاہیئے

اپنے ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ہمیں دوستی کے لبادے میں چھپے ان دشمنوں کا درک کرنے کی ضرورت ہے، جنہوں نے ذاتی مفادات کے حصول کیلئے پاکستان کی سرزمین کو تحتہ مشق بنا رکھا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کے باہمی اتحاد و یگانگت سے استعماری قوتوں کی شازشوں کو ناکام بنایا جاسکتا ہے۔ عالم اسلام اس وقت یہود و نصاریٰ کے نشانے پر ہے۔ ہمیں دشمن کی سازشوں کا شکار ہونے کی بجائے دانشمندی سے ایسے فیصلے کرنے ہوں گے، جن سے برادر اسلامی ممالک کے ساتھ قائم ہمارے مضبوط سفارتی تعلقات متاثر نہ ہوں۔ انہوں نے کہا پاکستان کی سلامتی استحکام ہمیں ہر شے سے زیادہ عزیز ہے۔ عالمی دہشت گرد قوتیں وطن عزیز کو اپنی مذموم کارروائیوں کے ذریعے عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتی ہیں۔ ہمیں دوستی کے لبادے میں چھپے ان دشمنوں کا درک کرنے کی ضرورت ہے، جنہوں نے ذاتی مفادات کے حصول کے لئے پاکستان کی سرزمین کو تحتہ مشق بنا رکھا ہے۔ ہمیں اپنے فیصلے عالمی حالات، بین الاقوامی تعلقات اور وطن عزیز کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کرنے ہوں گے۔ سعودی عرب دہشت گردی کے خلاف جو فوجی اتحاد بنانے جا رہا ہے، پاکستان اس میں شمولیت کا کسی طور متحمل نہیں ہوسکتا۔ یہ اتحاد دہشت گردی کے خلاف نہیں بلکہ امت مسلمہ کی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کی صیہونی سازش ہے۔ اگر سعودی عرب دہشت گردی کے خاتمے میں مخلص ہے تو اسے فلسطین کے مظلوموں کے حق میں اسرائیل کے خلاف بھی آواز بلند کرنی چاہیئے۔

.......

/169