27 دسمبر 2015 - 18:56
امریکہ: کرسمس پر اسلحے کے تحائف میں اضافہ

امریکہ میں ویسے تو کرسمس کے موقع پر تحفے دینے کے لیے عام طور پر سردیوں کی مناسبت سے سوئٹر، موزے اور دیگر تحائف خریدے جاتے ہیں لیکن اس بار امریکی شہریوں کی بڑی تعداد نے بطور تحفہ ’بندوقیں‘ خریدنے کو ترجیح دی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق بندوقیں بیچنے والی دکانوں کے کئی مالکان کا کہنا ہے کہ رواں سال کرسمس کی چھٹیوں کے دوران ان کی فروخت میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔

نومبر میں امریکا کے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کی جانب سے تقریباً 22 لاکھ امریکیوں کو بندوق رکھنے کے اجازت نامے دیے گئے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 24 فیصد زیادہ ہے۔

’بلیک فرائڈے‘ کے موقع پر ایف بی آئی کی جانب سے ایک لاکھ 85 ہزار 345 نئے اجازت نامے دیے گئے۔

واضح رہے کہ امریکا میں ایف بی آئی کی جانب سے لوگوں کا پس منظر اچھی جانچنے کے بعد بندوق خریدنے اور اسے رکھنے کی اجازت دی جاتی ہے۔

امریکی ریاست آرکنساس کی کیلی وومیک کا مقامی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان کی دوکان سے بلیک فرائڈے والے دن 40 گنیں خریدی گئیں، جن میں سے بیشتر بطور تحفہ دی جانی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ کرسمس کے تحفے کے طور پر بندوق خریدنا قانونی ہے، تاہم شرط یہ ہے کہ آپ کے پاس قانونی دستاویزات مکمل ہوں، جسے بندوق تحفتاً دی جانی وہ بھی اسے ریاست کا رہنے والا ہونا چاہیے، جبکہ تحفہ وصول کرنے والا بندوق کی رقم ادا نہیں کرسکتا۔

ریاست ٹینیسی کے گیری ویلز کے مطابق ماہ دسمبر میں ان کی دوکان کی فروخت دوگنا ہوگئی، کیونکہ رواں سال لوگ کرسمس کو بندوق خریدنے کے لیے اچھا موقع سمجھ رہے ہیں۔

ریاست شمالی کیرولائنا کے پولیس آفیسر لیفٹیننٹ جیری بریوور نے مقامی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بندوق بطور تحفہ دینے والے کو پہلے اس بات کی تصدیق کرلینی چاہیے کہ وہ جسے یہ تحفہ دے رہا ہے۔ اسے بندوق کا صحیح استعمال آتا ہے اور اس کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہے۔

.......

/169