25 مئی 2015 - 18:25
دن دہاڑے بازاروں میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ، حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں دہشتگردوں کے آگے بےبس

آئی جی بلوچستان پولیس کے دفتر کے سامنے دیئے جانے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ اگر دوبارہ تکفیری اور کالعدم جماعت نے کوئٹہ میں ریلی نکالی تو ہم بھی اسی وقت ریلی نکالیں گے، جسکی میں خود سربراہی کرونگا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق کوئٹہ میں‌ ٹارگٹ کلنگ کیخلاف کئے جانے والے احتجاجی مظاہرے سے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے گلگت بلتستان سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیعہ ہزارہ مسلمانوں پر فائرنگ کے واقعے انتہائی قابل مذمت ہیں۔ اس واقعہ کو کوئٹہ کے شہریوں، تاجروں اور کاروباری حلقوں کے خلاف گہری سازش قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ کئی سالوں سے بےگناہ شیعہ ہزارہ قوم کے قتل عام کو حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مکمل ناکامی قرار دیتے ہوئے دہشتگردوں کے آگے بےبسی کو قومی المیہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ کچھ شرپسند عناصر مسلسل شہر میں وارداتوں سے فرقہ واریت کی آگ بھڑکا رہے ہیں۔ دن دہاڑے بازاروں میں ٹارگٹ کلنگ ہونا لمحہ فکریہ ہے۔ ہزاروں اہلکاروں کی موجودگی اور حکومت کے امن و امان کی بحالی اور بدامنی کے خاتمے کے بیانات المیہ نہیں تو کیا ہے۔ آئے روز شہر میں فائرنگ سے تاجر پیشہ افراد، راہگیر اور عام شہری اپنے آپ کو غیر محفوظ تصور کرنے لگے ہیں جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس تکفیری ٹولے کو پکڑنے میں ناکام رہتے ہیں۔ ہم ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کو صوبے میں امن و امان اور بھائی چارگی کے لئے زہر قاتل قرار دیتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریے تاکہ بےگناہ اور نہتے عوام کا قتل عام نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر دوبارہ تکفیری اور کالعدم جماعت نے کوئٹہ میں ریلی نکالی تو ہم بھی اسی وقت ریلی نکالیں گے، جسکی میں خود سربراہی کرونگا۔ انہوں نے ٹارگٹ کلنگ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169