اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی اعلی مذاکرات کار سید عباس عراقچی اور مجید تخت روانچی نیز ہیلگا اشمد اور وینڈی شرمین نے جمعے کی صبح سے حتمی جوہری سمجھوتے کے مسودے کی تدوین کا کام شروع کردیا ہے۔ یورپی خارجہ پالیسی کی ڈپٹی کوآرڈینیٹر ہیلگا اشمد ، مذاکرات کے اس دور میں پانچ جمع ایک رکن ممالک کی نمائندگی بھی کر رہی ہیں۔ گفتگو کا سلسلہ سنیچر کے دن ایران کے نائب وزیر خارجہ اور ان کے یورپی اور امریکی ہم منصبوں کی سطح پر جاری رہے گا۔ امریکی نائب وزیر خارجہ جمعے کے دن سے ان مذاکرات میں شامل ہوگئی ہیں۔ مذاکرات کا ماحول خوشگوار ہونے کی صورت میں، حتمی ایٹمی سمجھوتے کا تدوین شدہ ابتدائی مسودہ ہفتے کے دن کی نشست میں زیر بحث آئے گا۔ ویانا مذاکرات کے اس دور میں کوشش کی جائے گی کہ اختلافی اور دو پہلو عبارات کو کم سے کم کیا جائے تا کہ پانچ جمع ایک کے وزرائے خارجہ اس کی تایید کرسکیں۔ ایران اور پانچ جمع ایک کے وزرائے خارجہ کے درمیان مذاکرات کے ساتھ ساتھ، ایران اور یورپی ٹیم کے ماہرین، حمید بعیدی نژاد اور اسٹیفن کلیمنٹ کی قیادت میں جزوی مسائل پر گفتگو کر رہے ہیں۔ تحریر کے بعد، مسودے کا متن بیس صفحات جبکہ اس جامع سمجھوتے کا ضمیمہ پچاس صفحات پر مشتمل ہوگا -
۔۔۔۔۔۔۔
/169