18 فروری 2025 - 14:51
صہیونیوں کے مقدر میں شکست ہی شکست، غاصب اسرائیلی فوج جنوب لبنان سے پسپا ہو گئی

غاصب صہیونی ریاست کے ریڈیو ٹیلی ویژن نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی لبنان سے اسرائیلی فوج نے پسپائی اختیار کرلی ہے

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، جنوبی لبنان سے صہیونی فوجی انخلا کے بارے میں حزب اللہ کے ساتھ طے پانے والے سمجھوتے کی بنیاد پر آج اس انخلا کے بارے میں الٹی میٹم ختم ہو گیا۔ غاصب صہیونی ریاست کے ریڈیو ٹیلی ویژن نے پیر کے روز اعلان کیا کہ جنوبی لبنان سے اسرائیلی فوج نے ان پانچ علاقوں کو چھوڑکر کہ جن کا پہلے ہی اعلان کردیا تھا، پسپائی اختیار کرلی ہے۔

پارس ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق صہیونی ٹی وی چينل چوبیس نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے میس الجبل شہر کو لبنانی فوج کے حوالے کر دیا ہے اور جنوبی لبنان کے اس شہر میں لبنانی فوج تعینات ہو گئی ہے۔ غاصب صہیونی ریاست کی فوج نے پیر کو اعلان کیا تھا کہ جنوبی لبنان کے پانچ علاقوں میں اسرائیلی فوجی تعینات رہیں گے۔

صہیونی ریاست نے اس فیصلے کا بہانہ یہ بنایا تھا کہ دریائے لیتانی کے جنوب میں حزب اللہ لبنان کی سرگرمیوں پر نظر رکھنا ہے۔

دریں اثنا لبنان کے صدر جوزف عون نے کہا ہے کہ لبنان کے لئے اہم مسئلہ یہ ہے کہ صہیونی دشمن فوج لبنانی سرزمین سے نکل جائے اس لئے کہ صہیونی فوج پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا اوراس بات پر تشویش ہے کہ صہیونی  فوج کا انخلا عمل میں آئے گا یا نہیں۔

ایک اور خبر یہ ہے کہ صہیونی وزیر جنگ یسرائیل کاٹز نے غزہ کے شہریوں کی نقل مکانی کے بارے میں اپنی وزارت جنگ میں ایک ادارہ قائم کئے جانے کی خبر دی ہے۔ صہیونی سیکورٹی کی وزارت کی جانب سے جاری کئے جانے والے بیان کے مطابق اس ادارے میں تمام صہیونی سیکیورٹی اداروں کی نمائندگی ہو گی ۔ صہیونی وزیراعظم نیتن یاہو نے بھی غزہ سے فلسطینیوں کو بے دخل کئے جانے کے ٹرمپ منصوبے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ایک الگ غزہ کے قیام کے پابند ہیں۔