4 ستمبر 2021 - 14:28
علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی کے خلاف مہم جوئی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں:علامہ عارف واحدی

علامہ واحدی نے کہا کہ ہم معروف خطیب علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی کے خلاف تکفیری عناصر کی مہم جوئی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ مرکزی رہنما شیعہ علماء کونسل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ محرم الحرام و صفر المظفر عزاء حسینی ؑ کے مہینے ہیں ،اِن کا تقدس اور احترام سب کی ذمہ داری ہے۔ اِن ایام ِعزا میں سید الشہداءؑ کے آفاقی پیغام کو دنیا تک پہنچانے میں سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔ پوری دنیا کی طرح وطن ِ عزیز پاکستان میں بھی نواسہ رسول اکرم کے اِن ایام کو انتہائی عقیدت و احترم کے ساتھ منایا جارہا ہے جس میں تمام مسالک و طبقات کے افراد شریک ہو رہے ہیں۔ اس اسلام عقیدت میں تمام طبقات برابری کی سطح تک شامل ہیں جس کی بنیاد صدیوں پر محیط اتحاد و وحدت کی فضا ہے لیکن تکفیری ،فرقہ وارانہ عناصر اور ملکی امن و امان کے بد خواہان اسے خراب اور سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش کررہے ہیں جسے ناکام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مقتدر حلقوں کو اس بارے میں متوجہ کیا جاتا ہے کہ وہ امن دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھیں تاکہ وطن عزیز پاکستان کی پرامن فضا مکدر نہ ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ ہم معروف خطیب علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی کے خلاف تکفیری عناصر کی مہم جوئی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ۔ چندسال قبل کے ایک وڈیو کلپ کو بہانا بنا کر فرقہ وارانہ پروپیگنڈہ کے ذریعہ وطن عزیزکی پرامن فضا کومکدرکرنے کی جوسازش کی جارہی ہے وہ بلاجواز، کھلی زیادتی اورانتہائی قابل مذمت ہے۔ علامہ عارف واحدی نے کہاکہ اِس بارے علامہ موصوف کا وضاحتی بیان منظر عام پر آچکا ہے۔ اس کے بعد سیاق وسباق سے ہٹ کر انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 11Wکے تحت سرکاری اہلکار کی جانب سے ایف آئی آرکااندراج بدنیتی پر مبنی ہے۔لہٰذاتمام مسالک کے جید علماءکرام وطن عزیزکی پر امن فضا کو قائم رکھنے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں تاکہ ملک میں ہم آہنگی اور وحدت کی فضا قائم رہے اور ملک دشمن عناصرکے مذموم عزائم کوخاک میں ملایاجاسکے۔
انہوں نے آخر میں عوام سے پر امن رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ایام عزا میں انتہائی صبر و تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اورہرجگہ پر امن فضا ءکو برقرار رکھتے ہوئے اتحا د و وحدت کو فروغ دیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲