15 اگست 2020 - 12:17
دی گارڈین: امریکہ عالمی سطح پر الگ تھلگ ہو گیا ہے

برطانوی اخبار نے لکھا ہے کہ سلامتی کونسل میں کل کا ووٹ اور ایران مخالف قرارداد میں صرف "ڈومینیکن ریپبلک" کی حمایت ، عالمی سطح پر واشنگٹن کے تنہائی کی تصدیق ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ فارس نیوز ایجنسی کے مطابق ، برطانوی اخبار " دی گارڈین " نے ایک رپورٹ میں ایران کے خلاف واشنگٹن کی نظرثانی قرارداد پر سلامتی کونسل میں کل کی ووٹنگ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ اقوام متحدہ میں ایران مخالف پابندیوں میں توسیع کی تجویز کی وجہ سے امریکہ کو ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ سلامتی کونسل کی ووٹنگ میں ایران کے ہتھیاروں پر پابندی کی توسیع کے حق میں صرف ڈومینیکن ریپبلک نے امریکہ کا ساتھ دیا۔

برطانوی اخبار نے مزید کہا کہ سلامتی کونسل کے صرف ایک ممبر کی حمایت نے ایران کے خلاف مزید سخت اقدامات اٹھانے کی کوششوں میں واشنگٹن کو تنہائی کا مظاہرہ کرنا پڑا۔

اس رپورٹ کے مطابق، روس اور چین کی مخالفت کے پیش نظر ، امریکہ کی مجوزہ قرارداد کی منظوری کا کبھی امکان نہیں تھا ، جس کا مقصد صرف ٹرمپ انتظامیہ کے لئے ایران کے خلاف مزید کارروائی کی راہ ہموار کرنا تھا۔ یہ عالمی سطح پر امریکہ کی تنہائی کی تصدیق ہے۔

گارڈین نے مزید کہا کہ امریکہ نے مزید حمایت حاصل کرنے کی امید میں ایران مخالف بیان بازی کو اپنے اصل مسودہ قرار داد سے ہٹا دیا تھا ، لیکن ایران پر اقوام متحدہ کی پابندیوں کو غیرمعینہ مدت تک بڑھانے پر اصرار کرنے سے اس قرارداد کی حمایت حاصل کرنا ناممکن ہوگیا ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق ، ایسٹونیا اور تیونس نے اس نظرثانی شدہ مسودے کی حمایت کرنے کے لئے 11 گھنٹے کے امریکی دباؤ کی مزاحمت کی ، جو اقوام متحدہ میں امریکی اثر و رسوخ کے خاتمے کا اشارہ ہے۔

چین اور روس نے امریکی قرار داد کی مخالفت کی ، واشنگٹن اور ڈومینیکن ریپبلک نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا اور سلامتی کونسل کے دیگر تمام ممبروں نے ووٹنگ میں شرکت نہیں کی۔

سلامتی کونسل میں واشنگٹن کی شکست نے امریکی عہدیداروں کو مشتعل کردیا ہے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے واشنگٹن کے ایران مخالف قرارداد کی ناکامی کا اعلان کر دیا ہے۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا ، "بین الاقوامی امن اور سلامتی کے دفاع میں فیصلہ کن اقدام کرنے میں سلامتی کونسل کی ناکامی ناقابل معافی ہے۔"

پومپیو نے ایران پر یہ الزام عائد کیا کہ صہیونی ریاست اور چھ خلیجی ریاستوں کو ایران کے اسلحے سے خطرہ ہے اور اسحلے پر پابندیوں سے ایران کو علاقے میں انتشار پھیلانے سے روکا جا سکتا ہے لیکن سلامتی کونسل نے ان باتوں کو نظر انداز کر دیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲