سکیورٹی فورسز نے اورکزئی ایجنسی کے نوے فیصد علاقہ کو دہشت گردوں سے پاک کردیا ہے ، اس آپریشن میں چھ سو سے زائد دہشت گرد ہلاک اور فورسز کے ساٹھ سے زائد جوان شہید ہوئے۔ انھوں نے کہا کہ اس علاقے سے نقل مکانی کرنے والوں کی واپسی کل سے شروع ہوگی۔ ایف سی کے آئی جی میجر جنرل نادر زیب نے کلیئر کرائے گئے علاقے میں میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ میں بتایا کہ اپر اورکزئی کے علاقے ماموزئی میں دہشت گردوں کے خلاف محدود انداز میں آپریشن ہورہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اورکزئی آپریشن میں فورسز کے 67 اہلکار شہید اور 213 زخمی ہوئے، اس آپریشن میں654 دہشت گرد مارے گئے اور250 گرفتار ہوئے ۔ آئی جی ایف سی نے بتایا کہ آپریشن کے باعث سے32 ہزار خاندان نقل مکانی پر مجبور ہوئے اور ان کی اپنے علاقوں میں واپسی کل سے شروع ہوجائیگی۔ میجر جنرل نادر زیب کے مطابق اورکزئی میں القاعدہ کی موجودگی کے شواہد ملے تھے تاہم آپریشن میں القاعدہ کے زیادہ تر ارکان مارے گئے اور باقی ماندہ فرار ہوگئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اورکزئی ایجنسی میں 95 فیصد اسکول تباہ ہوئے، انہیں شیلٹروں میں بحال کیا جارہا ہے، جبکہ آپریشن میں اجتماعی نقصان سے بچنے کیلئے سست روی سے کارروائی کی گئی اور 2 سے 3 فیصد اجتماعی نقصان ہوا۔ آئی جی ایف سی نے بتایا کہ ملک میں دہشت گردی کی بڑی وارداتوں کی منصوبہ بندی اورکزئی ایجنسی میں بھی ہوئی تاہم ان سازشوں کو اب ختم کردیا گیا ہے۔
جنگ نیٹ اردو
................
قابل غور ہے کہ:
فوجی و سرکاری حکام نے قبل ازیں سوات، وزیرستان، باجوڑ، خیبر اور مہمند ایجنسیوں کو بھی کلیئر قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ان علاقون میں طالبان کی کمر توڑ دی گئی ہے لیکن ہم ہر روز دیکھ رہے ہیں کہ ان علاقوں میں طالبان موجود ہیں اور دہشت گردانہ کاروائیاں کررہے ہیں چنانچہ حکام کے اس اعلان سے صرف یہی نتیجہ اخذ کیا جاسکتا ہے کہ یہ جو باقی ہیں اور لڑ رہے ہیں یہ "اچھے طالبان" ہیں اور وہ جو ختم کئے گئے یا پسپائی پر مجبور کئے گئے وہ "گندے طالبان" تھے جو کبھی بھی اچھے طالبان بن کر ان علاقوں میں واپس آکر عوام کی جان و مال ناموس کو بازیچہ بنا سکتے ہیں۔ چنانچہ اورکزئی ارجنسی میں بھی یہی صورت حال ہے البتہ آئی جی ایف سی کا موقف ویسے بھی درست نظر نہیں آتا کیونکہ دہشت گردوں کے کئی باضابطہ اڈے اورکزئی ایجنسی میں موجود ہیں جن کو کسی نے ہاتھ نہیں لگایا یا پھر شاید یہ اڈے بھی اچھے طالبان سے تعلق رکھتے ہیں جن کی حفاظت بظاہر حکومت کا فرض اول ہے...
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
/110