19 ستمبر 2024 - 08:37
شیعہ سنی مل کر اتحاد وحدت اور عشق رسول ﷺ کا پیغام عام کر رہے ہیں، مقررین + تصاویر

عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے اے ڈی سی کالونی جیکب آباد ـ سندھ میں عاشقانِ رسول ﷺ کی جانب سے جشن میلاد ریلی نکالی گئی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، جیکب آباد کی اے ڈی سی کالونی سے عاشقان رسول ﷺ کی جانب سے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے سلسلے میں جشن میلاد ریلی نکالی گئی۔

ریلی کی قیادت اے ڈی سی کالونی کے سیاسی اور سماجی رہنما سید غلام شبیر نقوی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی اور ضلعی صدر نذیر حسین جعفری نے کی۔ ریلی میں شیعہ سنی تمام مکاتب فکر کے مسلمان شریک ہوئے۔

شیعہ سنی مل کر اتحاد وحدت اور عشق رسول کا پیغام عام کر رہے ہیں، مقررین

اس موقع پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ جس دن حضرت عیسی علیہ السلام کی قوم کے لئے آسمان سے طعام نازل ہوا وہ دن ان کے لئے عید کہلایا کیونکہ آسمان سے نعمت کا نزول آیت خداوندی ہے اور جس دن اللہ تبارک و تعالٰی نے حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی صورت میں نعمت عظمی عطا فرمائی تو وہ دن عالم انسانیت کے لئے عید میلاد النبی ﷺ کہلایا۔

انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر سب ہی خوش ہیں اور آج زمین اور آسمان والے جشن منا رہے ہیں کہ سید کونین کی آمد ہے۔ آج شیعہ سنی مسلمان مل کر آقا ﷺ کا میلاد منا رہے ہیں اور آپس میں اتحاد اور وحدت کا عملی مظاہرہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں کہ جو خدا کے دین کی راہ میں مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں۔ دشمن امریکہ اور اسرائیل بے گناہ مسلمانوں کا خون بہا رہے ہیں، یمن کے بہادروں نے اسرائیل پر حملہ کر کے بے مثال غیرت ایمانی کا مظاہرہ کیا ہے جو کام 56 اسلامی ممالک اور ان کی 70 لاکھ فوج نہ کر سکی وہ فلسطین، لبنان اور یمن کے مجاہدین کر رہے ہیں۔

جشن میلاد النبی (ص) سے خطاب کرتے ہوئے سید غلام شبیر نقوی نے کہا کہ ہم شیعہ سنی مسلمان مل کر جشن عید میلاد النبی ﷺ منا رہے ہیں اور اتحاد وحدت اور عشق رسول ﷺ کا پیغام عام کر رہے ہیں عشق رسولِ پاک ﷺ کی یہ ریلی سید حاجن شاہ نقوی کی یادگار ہے۔

اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے سید غلام شبیر نقوی کو کربلائے معلیٰ سے لایا گیا فلسطین کا مفلر پہنایا۔

۔۔۔۔۔۔