اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : اردو نیوز
منگل

19 مارچ 2024

10:19:06 PM
1445622

افغانستان میں دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا۔ پاکستانی دفتر دفتر خارجہ

  پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پیر کی صبح پاکستان نے افغانستان کے سرحدی علاقے مں انٹیلیجنس بنیادوں پر انسداد دہشت گردی کے آپریشنز کیے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’افغانستان میں پاکستان کے آپریشن کا ہدف حافظ گل بہادر گروپ سے منسلک دہشت گرد تھے۔ یہ گروہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ساتھ مل کر پاکستان میں کئی دہشت گردانہ کارروائیوں کا ذمہ دار ہے۔‘

پاکستانی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق، ’ان حملوں میں سینکڑوں شہری اور قانون نافذ کرنے والے حکام ہلاک ہوئے ہیں۔ تازہ ترین حملہ 16 مارچ 2024 کو شمالی وزیرستان میں میر علی میں ایک سکیورٹی پوسٹ پر ہوا اور اس میں سات پاکستانی فوجیوں کی جانیں گئیں۔‘ بیان میں کہا گیا کہ گذشتہ دو برسوں کے دوران پاکستان نے متعدد بار افغانستان کے اندر ٹی ٹی پی سمیت دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی پر افغانستان کی عبوری حکومت کو اپنے شدید تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔

’یہ دہشت گرد پاکستان کی سلامتی کے لیے ایک سنگین خطرہ ہیں اور وہ مسلسل افغان سرزمین کو پاکستانی حدود میں دہشت گردانہ حملے کرنے کے لیے استعمال کرتے رہے ہیں۔‘

دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان افغانستان کے لوگوں کا بہت احترام کرتا ہے، تاہم ’افغانستان میں اقتدار میں موجود کچھ عناصر ٹی ٹی پی کی سرپرستی کر رہے ہیں اور انہیں پاکستان کے خلاف پراکسی کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔‘

۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110