اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
اتوار

25 فروری 2024

12:08:03 PM
1440196

کوفہ امام زمانہ (عج) کا دارالحکومت!؟

احادیث میں بیان ہوا ہے کہ امام زمانہ (علیہ السلام) کی عالمی حکومت کا دارالحکومت شہر کوفہ اور آپؑ کی قیام گاہ مسجد سہلہ ہوگی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، امام محمد باقر (علیہ السلام) نے فرمایا: "امام مہدی (عَجَّلَ اللهُ فَرَجَهُ الشریف) قیام کریں گے اور کوفہ کی طرف جائيں گے اور اپنی منزل وہیں قرار دیں گے"۔ (۱)

ابوبصیر کہتے ہیں: امام صادق (علیہ السلام) نے فرمایا: "اے ابا محمد! گویا میں دیکھ رہا ہوں کہ قائم آل محمد (صلی اللہ علیہ و آلہ) اپنے خاندان کے ہمراہ مسجد سہلہ میں نزول اجلال فرما چکے ہیں۔ میں نے عرض کیا: کیا مسجد سہلہ ان کی منزل (رہائش گاہ) ہوگی؟ فرمایا: ہاں! مسجد سہلہ ادریس نبی (علیہ السلام) کی رہائش گاہ ہے اور خدا نے جو بھی نبی مبعوث فرمایا ہے اس نے اس مسجد میں نماز ادا کی ہے"۔ (۲)

ایک روایت میں امام صادق (علیہ السلام) مسجد سہلہ کے بارے میں فرمایا: "وہ ہمارے صاحب (حضرت مہدی (عَجَّلَ اللهُ فَرَجَهُ الشریف)) کا گھر ہے؛ جب وہ اپنے خاندان کے ہمراہ وہاں سکونت کریں گے"۔ (۳)

مفضل نے امام صادق (علیہ السلام) سے پوچھا: "مہدی (عَجَّلَ اللهُ فَرَجَهُ الشریف) کا گھر کہاں ہوگا اور مؤمنین کہاں جمع ہونگے؟ فرمایا: "ان کی حکومت کا مرکز شہر کوفہ ہوگا اور ان کی حکومت کا مقام جامع کوفہ ہے اور غنائم کی تقسیم کا مقام مسجد سہلہ ہے جو کوفہ اور نجف کی ہموار و مسطح زمین پر واقع ہے"۔ (۴) امیرالمؤمنین (علیہ السلام) نے ایک خبر غیبی کے ضمن میں فرمایا: "گویا میں اپنے شیعوں کو مسجد کوفہ میں دیکھ رہا ہوں جو خیمہ زن ہوئے ہیں اور قرآن ـ اسی طرح ـ لوگوں کو سکھاتے ہیں جس طرح کہ وہ نازل ہوا ہے۔ جان لو کہ ہمارے قائم جب قیام کریں گے اس مسجد کی تعمیر نو کا اہتمام کریں گے اور اس کا قبلہ استوار کریں گے"۔ (۵)

اس سلسلے میں دوسری روایات بھی نقل ہوئی ہیں۔ (۶)

یہ کہ امام مہدی (عج) کوفہ کو کیوں اپنا دارالحکومت قرار دیں گے؟ شاید سبب یہ ہو کہ امام مہدی (عَجَّلَ اللهُ فَرَجَهُ الشریف) کی حکومت عدل، امیرالمؤمنین (علیہ السلام) کی حکومت عدل کا تسلسل ہے۔

بعض محققین نے یہ بھی کہا ہے کہ "کوفہ حسین (علیہ السلام) اور مہدی (عَجَّلَ اللهُ فَرَجَهُ الشریف) کا مشترکہ مرکز ہے؛ امام حسین (علیہ السلام) مکہ سے کوفہ کی طرف نکلے اور حضرت مہدی (عَجَّلَ اللهُ فَرَجَهُ الشریف) بھی مکہ سے کوفہ تشریف فرما ہونگے اور اس کو دارالحکومت قرار دیں گے، یعنی سیدالشہداء (علیہ السلام) کا ادھورا مشن پورا کریں گے"۔ (۷)

..................

۱۔بحارالانوار، ج۵۲، ص۲۲۵۔

۲۔ الکافی، ج۳، ص ۴۹۵۔

۳۔ الکافی، ج۳، ص۴۹۵۔

۴۔مهدی موعود، ص ۱۲۱۵۸

۵۔ غیبت نعمانی، ص ۴۵۱

۶۔ مزید معلومات کے لئے بحارالانوار ج 52، معجم احادیث المہدی (عج)، شیخ علی الکورانی نیز چشم‌اندازی به حکومت مهدی (عج) ص۱۶۹، سے رجوع کریں۔

۷۔ سید مسعود پورسیدآقایی، عاشورا و انتظار، ص۲۴۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ترجمہ: فرحت حسین مہدوی

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110