اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : اسلام ٹائمز
منگل

19 اپریل 2022

1:26:54 PM
1249647

تہران میں "قرآن کتاب ِامت و آرامش" کے عنوان سے سیمینار اور افطار ڈنر

سیمینار کے اختتام پر سینیئر تجزیہ کار کا کہنا تھا کہ انسان کو اپنی خلقت کے مقاصد کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ وہ کیوں خلق کیا گیا ہے، تاکہ اسی کے مطابق وہ اپنی زندگی کے اہداف کو معین کرے۔

 اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران میں اردو زبان طالبعلموں کی تنظیم (کانون دانشجویان اردو زبان در ایران) کی طرف سے جشن امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی مناسبت اور انٹرنیشنل قرآنی نمایش کے موقع پر مصلیٰ امام خمینی تہران کے مرکزی ہال میں "قرآن کتاب ِامت و آرامش" کے نام سے ایک سیمینار اور افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا، جس میں تہران بھر کی یونیورسٹیوں میں اردو زبان طالبعلموں نے بھرپور شرکت کی۔ سیمینار کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت اہلبیت انٹرنیشنل یونیورسٹی کے برادر حسن عبداللہ نے حاصل، تہران میڈیکل یونیورسٹی کے طالب علم سید رئیس عباس نے نعت و منقبت کی سعادت حاصل کی۔ اس کے بعد ایران میں اردو زبان طالبعلموں کے مسئول حسن رضا نقوی نے افتتاحیہ کلمات ادا کئے اور ایران بالخصوص تہران میں اردو زبان طالبعلموں کی فعالیت کو سراہا۔ انہوں نے ماہ مبارک رمضان میں مختلف مناسبتوں بالخصوص ولادت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام، شہادت امیرالمومنین حضرت امام علی علیہ السلام، شب ہای قدر اور یوم القُدس پر تفصیلی روشنی ڈالی اور اس مقدس مہینے کی برکتوں سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہونے کی تاکید کی۔ برادر محمد عباس نے امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی شان میں اشعار سے نوازا۔

سیمینار کے اختتام پر سینیئر تجزیہ کار جناب ڈاکٹر راشد عباس نقوی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے قرآن و اہلبیت سے تمسک کو حقیقی ذریعہ نجات قرار دیا، انہوں نے امام حسن علیہ السلام کی سیرت پر مفصل گفتگو کی۔ ڈاکٹر راشد عباس نقوی نے مزید کہا کہ انسان کو اپنی خلقت کے مقاصد کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ وہ کیوں خلق کیا گیا ہے، تاکہ اسی کے مطابق وہ اپنی زندگی کے اہداف کو معین کرے۔ اسی طرح انہوں نے جوانوں کو بھی آج کے دور میں آگاہانہ طور پر اپنی تعلیمی زندگی سے لیکر عملی زندگی تک اپنے راستے کے انتخاب میں سوچ سمجھ کر قدم اٹھانے کی تاکید کی۔ ڈاکٹر راشد عباس نقوی نے تعلیم کے حصول کے لیے ایران میں قیام کو طالبعلموں کے لئے ایک غنیمت سے تعبیر کیا اور کہا کہ ایران میں مقدس مقامات خصوصاً امام رضا علیہ السلام و حضرت بی بی فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم اور اسی دیگر مقدس مقامات سے معنوی، روحانی اور فکری طور پر زیادہ سے زیادہ مستفید ہونا چاہیئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک جوان کبھی بھی دنیا اور اپنے اردگرد کے حالات اور رونماء ہونے والی تبدیلیوں سے لاتعلق نہیں ہوسکتا ہے۔ لہذا آج دنیا میں امریکی و اسرائیلی استعمار کے خلاف امام خمینی کی سیرت پر چلتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے اور مظلوم ملتوں خصوصاً فلسطین، کشمیر، یمن وغیرہ پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے۔ سیمینار کے اختتام پر رہبر معظم کے دفتر اسٹوڈنٹس کے شعبے کی طرف سے تشریف لائے ہوئے حجت السلام و المسلمین آغا دہقان کی اقتدا میں نماز مغربین کو ادا کیا گیا۔ افطار و کھانے کے بعد تمام شرکاء نے مصلیٰ امام خمینی میں ہی انٹرنیشنل قرآنی نمائش میں قرآن مجید کے بارے ملکی و غیر ملکی سٹالز کا دورہ بھی کیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

242