12 مارچ 2019 - 17:17
 ایران اور عراق کا باضابطہ طور پر دوطرفہ ویزہ فری سفر کا اعلان

اسلامی جمہوریہ ایران اور عراق نے ایک مشترکہ بیان میں دوطرفہ ویزہ فری سفر کا اعلان کردیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران اور عراق نے ایک مشترکہ بیان میں دوطرفہ ویزہ فری سفر کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر مملکت ڈاکٹر "حسن روحانی" کے دورے عراق کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مشترکہ اجلاس کے بعد ایک مشترکہ بیان میں اسلامی جمہوریہ ایران اور عراق کے درمیان دوطرفہ ویزہ فری سفر کا اعلان کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران و عراق نے زیارت، تجارت، سیاحت اور صحت کے شعبوں میں دونوں ممالک کے شہریوں اور سرگرم اقتصادی کارکنوں کیلئے ویزہ سہولیات کی فراہمی پر اتفاق کیا ہے۔
بیان کے مطابق اس سلسلے میں ایران اور عراق کی حکومتیں، رواں میلادی سال کے یکم اپریل کو دوطرفہ ویزہ فری سفری پروگرام پر عمل درآمد کریں گے۔
اس کے علاوہ دونوں ممالک نے 1976 کو دریائے اروند اور شط العرب کے حوالے سے طے پانے والے معاہدے کے نفاذ پر زور دیا ہے۔
ہونے والے اجلاس میں ایران اور عراق کے درمیان تجارت، تیل، ٹرانسپورٹیشن کے شعبوں سمیت ایرانی علاقے شلمچہ سے عراقی شہر بصرہ تک ریلوے لائن بچھانے کے حوالے سے متعدد معاہدوں پر دستخط کیا گیا۔
اس مشترکہ بیان میں عراق نے انسداد دہشتگردی کے حوالے سے ایرانی کردار کو سراہا ہے اور دوسری طرف ایران نے بھی عراق میں قیام جمہوریت اور امن و استحکام کے علاوہ عراق کی تعمیر نو میں عراقی حکومت اور عوام کی حمایت پر روز دیا ہے۔
اس کے علاوہ دونوں ممالک کے حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ مختلف شعبوں بالخصوص اقتصادی، سیاسی، ثقافتی، سماجی اور صحت کے شعبوں میں باہمی تعلقات میں مزید اضافہ کریں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲