اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق 4 ملزمان نے لورالائی میں ڈی آئی جی کے دفتر پر حملے کے دوران پہلے فائرنگ کی جبکہ اس دوران کریکر دھماکے کی آواز بھی سنی گئی۔
ابتدائی اطلاعات میں ذرائع نے بتایا تھا کہ حملے میں 9 پولیس اہلکار اور 6 شہری زخمی ہوئے جنہیں ریسکیو عملے نے فوری طور پر سول ہسپتال لورالائی منتقل کیا۔
سول ہسپتال میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) لورالائی ڈاکٹر فہیم کے مطابق 9 پولیس اہلکاروں سمیت 15 زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا تھا جن میں سے 2 شہریوں کو تشویشناک حالت میں کمبائن ملٹری ہسپتال لورا لائی منتقل کردیا گیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ واقعے کے وقت ڈی آئی جی کے دفتر میں پولیس میں بھرتیوں کے لیے ٹیسٹ لیے جارہے تھے، جس کی وجہ سے شہریوں کی بڑی تعداد یہاں موجود تھی۔
پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے جائے وقوع پر پہنچ پر شواہد جمع کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔
بعد ازاں انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ نے واقعے میں 4 پولیس اہلکاروں اور ایک شہری کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی۔
انہوں نےکہا کہ دھماکے میں 17 افراد زخمی بھی ہوئے جبکہ علاقے کو کلیئر کرانے کے لیے آپریشن کیا گیا۔
یاد رہے کہ یکم جنوری 2019 کو بلوچستان کے ضلع لورالائی میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے ٹریننگ سینٹر میں رہائشی اور انتظامی کمپاؤنڈ پر حملے کی کوشش کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے نتیجے میں 4 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے تھے۔





۔۔۔۔۔۔۔
/169