14 جولائی 2018 - 09:05
نواز شریف اور مریم نواز کا اڈیالہ جیل میں پہلا ناشتہ

نواز شریف کوجیل میں ناشتے میں انڈا ، پراٹھا اور چائے پیش کی گئی۔ نواز شریف نے اڈیالہ جیل کی چائے سے ناشتہ کیا اور چائے کے ساتھ کچھ ادویات بھی لیں جبکہ مریم نواز نے جی بھر کر ناشتہ نہیں کیا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق احتساب عدالت سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزاپانے والے مسلم لیگ(ن)کے قائد میاں نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو گزشتہ روز اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔ نواز شریف کو اڈیالہ جیل کے ہائی سیکیورٹی زون میں رکھا گیا ہے جہاں دونوں نے پہلی رات قید میں کاٹی۔

جیل ذرائع کے مطابق مریم نواز نے اڈیالہ جیل کی خواتین بیرکس میں رات گزاری، نواز شریف اور مریم نواز نے صبح فجر کی نماز ادا کی، بعد ازاں دونوں کو ناشتہ پیش کیا گیا، جیل مینوئل کے مطابق میاں نواز شریف کو انڈا پراٹھا اورچائے کی پیشکش کی گی تھی، تاہم نوازشریف نے صرف اڈیالہ جیل کی چائے صبح ناشتے میں پی اورچائے کے ساتھ کچھ ادویات بھی استعمال کیں جب کہ مریم نواز نے بھی جی بھر کر ناشتہ نہیں کیا۔

نوازشریف کو بی کیٹیگری الاٹ کی جائے گی
دوسری جانب جیل رول کے مطابق سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کو بی کیٹیگری الاٹ کی جائے گی، میاں نوازشریف کرسی میزسے لے کرروم کولر تک اپنے پیسوں سے خریدیں گے جب کہ میاں نوازشریف بیڈ، میٹرس، جائے نماز، وہیل چیئرسمیت دیگر سہولیات استعمال کرسکتے ہیں۔

نوازشریف کو جیل میں ائیرکنڈیشنڈ لگانے کی اجازت نہیں
جیل حکام کے مطابق جیل میں ائیرکنڈیشنڈ لگانے کی اجازت نہیں ہے، نوازشریف کھانا بھی جیل کے اندر خود اپنا بنائیں گے۔ مریم نوازکوبی کیٹیگری الاٹ کرنے کے لیے چارنکاتی ایس او پی پرعمل کرنا ہو گا، مریم نواز اگرسالانہ 6 لاکھ روپے ٹیکس ادا کرتی ہیں تب ہی ان کو بی کیٹیگری الاٹ ہوسکتی ہے، بی کیٹیگری میں قید بامشقت کاٹنے والے قیدی کو ایک مشقتی دیا جائیگا جب کہ اڈیالہ جیل میں کوئی فیملی کمپاؤنڈ موجود نہیں ہے۔

واضح رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں سزایافتہ میاں نواز شریف اوران کی صاحبزادی مریم نواز کو گرفتاری کے بعد خصوصی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے اسلام آباد لے جایا گیا جہاں انہیں طبی معائنے کے بعد اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔

نوازشریف کے خلاف بقیہ سماعتیں اڈیالہ جیل میں ہوں گی
نوازشریف اورمریم نواز کے خلاف العزیزیہ اور ہل میٹل ریفرنسز کی سماعت احتساب عدالت میں جاری ہیں لیکن نوازشریف کے جیل جانے کے بعد اب مقدمات کی بقیہ سماعتیں اڈیالہ جیل میں ہی ہوں گی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔

/169