13 مئی 2018 - 13:57
عراق کے پارلیمانی انتخابات کے ابتدائی نتائج، الفتح تنظیم پیش پیش

عراق کے دارالحکومت بغداد میں پارلیمانی انتخابات کے ابتدائی نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ البدر تنظیم کے سیکریٹری جنرل ہادی العامری کی زیر قیادت الفتح جماعت آگے چل رہی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عراق کی نون خبر رساں ایجنسی نے اتوار کے روز رپورٹ دی ہے کہ بغداد میں پارلیمانی انتخابات کے ابتدائی نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ البدر تنظیم کے سیکریٹری جنرل ہادی العامری کی زیر قیادت الفتح جماعت پہلے نمبر پر ہے جبکہ عراق کے نائب صدر نوری المالکی کی زیر قیادت حکومت قانون الائنس دوسرے، عراقی وزیراعظم حیدر العبادی کی زیر قیادت النصر تیسرے اور صدر گروہ کے رہنما مقتدی صدر کی زیرقیادت سائرون چوتھے نمبر پر ہے۔

عراق کے پارلیمانی انتخابات کے ابتدائی نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ عراق کے جنوبی صوبے بصرہ میں پہلے نمبر پر الفتح اور پھر النصر، سائرون اور الحکمہ بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔ اسی طرح ذیقار اور واسط صوبوں میں سائرون پہلے اور صوبے بابل میں الفتح اور صوبے دیالہ میں النصر اور صوبے صلاح الدین میں الفتح پہلے نمبر پر چل رہی ہیں۔

عراق کے الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ عام انتخابات کے پہلے نتائج کا اعلان آئندہ دو روز میں کر دیا جائے گا۔

ہفتے کے روز ہونے والے عراق کے پارلیمانی انتخابات میں ایک کروڑ، دس لاکھ عراقیوں نے شرکت کی جبکہ ٹرن آؤٹ چوّالیس اعشاریہ پانچ فیصد رہا۔

دوسری جانب شاملی عراق کے شہر کرکوک میں ہونے والے ایک کار بم دھماکے میں کم از کم پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق یہ کار بم دھماکہ سڑک کے کنارے اس جگہ پر ہوا جہاں سے لوگ ووٹ ڈالنے کے لئے گذر رہے تھے۔اس کار بم دھماکے کی ذمہ داری داعش دہشت گرد گروہ نے قبول کی ہے جس نے انتحابات سے قبل ہی الیکشن کے موقع پر دہشت گردانہ حملے کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔

یہ دھماکہ ایسے وقت ہوا ہے جب عراق کے سیکورٹی اہلکاروں نے ہفتے کے روز  ووٹنگ کے موقع پر داعش دہشت گرد داعش کے کئی حملوں کو ناکام بنا دیا۔

عراق میں داعش دہشت گرد گروہ کی شکست کے باوجود اس گروہ کے باقی بچے عناصر اس ملک کے مختلف علاقوں میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں سرگرم ہیں جن کا پتہ لگا کر صفایا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲