30 مارچ 2018 - 15:47
صیہونیوں کی جارحیت میں فلسطینی کی شہادت

غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت میں ایک فلسطینی شہید ہو گیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ فلسطینی ذرائع کے حوالے سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے جمعے کی صبح غزہ کے جنوبی علاقے خان یونس کو جارحیت کا نشانہ بنایا۔

فلسطین کی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے کہا ہے کہ خان یونس کے شمال میں واقع البرکہ پر صیہونی فوجیوں کی جارحیت میں 31 سالہ ایک فلسطینی کاشتکار شہید ہو گیا۔

صیہونی فوجیوں نے ایک ایسے وقت میں غزہ کے علاقے کو جارحیت کا نشانہ بنایا ہے کہ فلسطین کے مختلف علاقوں میں یوم زمین کی مناسبت سے ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔ فلسطینیوں نے انّیس سو چھیہتّر سے تیس مارچ کو یوم زمین منائے جانے کا اعلان کر رکھا ہے۔ اس دن غاصب صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں کی کئی ایکڑ زمین پر قبضہ کر لیا تھا جس پر فلسطینیوں کی جانب سے سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا۔

دریں اثنا فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے بیالیسویں یوم زمین کی مناسبت سے ایک بیان میں تمام فلسطینیوں سے یوم زمین کی ریلیوں میں وسیع پیمانے پر شرکت کرنے کی اپیل کی۔

دوسری جانب تہران میں جہاد اسلامی فلسطین کے نمائندے ناصر ابوشریف نے غزہ کی سرحدوں میں ریلیاں نکالے جانے پر صیہونی حکومت کی دھمکی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی حکومت فلسطینیوں کی اس طرح کی ریلیوں سے ہراساں ہے اور وہ فلسطینیوں کی اس قسم کی ریلیوں کو اپنے لئے خطرہ سمجھتی ہے اور ریلیوں میں شرکت کرنے والوں پر صیہونی فوجیوں کا ممکنہ حملہ کوئی نئی یا غیر متوقع بات نہیں ہو گی۔

انھوں نے فلسطینیوں کی ریلیوں میں بھرپور شرکت کی اہمیت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ریلیاں مکمل تیاری کے ساتھ نکالی جانے کا پروگرام بنا ہے جو نہ صرف پرامن ہیں بلکہ ان کا مقصد بھی عالمی برادری کی توجہ مسئلہ فلسطین اور فلسطینی علاقوں میں صیہونی حکومت کے غاصبانہ قبضے کی طرف مبذول کرانا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲