18 جنوری 2018 - 13:24
پاکستان کابھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکودفترخارجہ طلب کرکےبلااشتعال فائرنگ پرشدیداحتجاج

دفتر خارجہ نے بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو آج اسلام آباد میں طلب کیا اور ورکنگ باونڈری کے ساتھ سیالکوٹ سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ پرسخت احتجاج کیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ نے بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو آج اسلام آباد میں طلب کیا اور ورکنگ باونڈری کے ساتھ سیالکوٹ سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ پرسخت احتجاج کیا۔بھارتی فوج سیالکوٹ کے دیہات پر گزشتہ رات سے مارٹر گولوں اورخودکار ہتھیاروں سے بلا اشتعال اور اندھا دھند فائرنگ کررہی ہے۔بھارتی فائرنگ سے تین بے گناہ شہری شہید اور پانچ زخمی ہوگئے ہیں جن میں3 خواتین شامل ہیں۔

دفتر خارجہ نے کہاکہ ضبط و تحمل کی اپیل کے باوجود بھارت جنگ بندی کی خلاف ورزی جاری رکھے ہوئے ہے۔بھارت کی طرف سے 2017 سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری ہیں اور بھارت نے جنگ بندی کی ایک ہزار نو سو بار خلاف ورزی کی ہے۔

بھارت کو بتایا گیا ہے کہ شہری آبادی کے علاقے کو دانستہ طورپر نشانہ بنانا قابل مذمت ، انسانی اقدار اور انسانی حقوق اور انسانی قوانین کےمنافی ہے۔بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں علاقائی امن اور سلامتی کےلئے خطرہ ہے۔

.......

/169